Saturday, July 27, 2024

اوپن مارکیٹ میں ڈالر 5 روپے مہنگا، بلند ترین تاریخی سطح 328 روپے تک جا پہنچا

اوپن مارکیٹ میں ڈالر 5 روپے مہنگا، بلند ترین تاریخی سطح 328 روپے تک جا پہنچا
September 1, 2023 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) ۔ کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی بلند پرواز نیچے نہ آسکی۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر مزید 5 روپے مہنگا ہوگیا جبکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر چھائے مندی کے بادل چھٹ گئے کاروباری ہفتے کے آخری روز ہنڈریڈ انڈیکس میں 310 پوائنٹس کا اضافہ ہوگیا۔

کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر بدستور ٹاپ گئیر پر ہے، پاکستانی روپیہ کی بے قدری کا سلسلہ برقرار ہے۔ جمعہ کے روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر 5 روپے
کی بڑی چھلانگ لگا کر 328 روپے کی بلند ترین سطح پر آگیا جبکہ انٹر بینک میں محض 7 پیسے سستا ہوکر 305 روپے 47 پیسے پر بند ہوا۔

ادھر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے چارروز شدید مندی کے بعد آخری روزکا اختتام تیزی پر ہوا اور ہنڈریڈ انڈیکس 310 پوائنٹس کے اضافے کے بعد 45 ہزار 312 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

جمعہ کو دن بھر مجموعی طور پر 290 کمپنیوں کے شیئرز میں کاروبار ہوا، 196 کمپنیوں کے شیئرز کی مالیت میں اضافہ جبکہ 78 کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ ہوئی، مارکیٹ کی بلند ترین سطح 45,358 اور کم ترین لیول 44,795 رہا۔