Saturday, May 18, 2024

اومیکرون کے بڑھتے کیسز، لندن کے اسپتالوں میں فوجی اہلکار تعینات

اومیکرون کے بڑھتے کیسز، لندن کے اسپتالوں میں فوجی اہلکار تعینات
January 9, 2022 ویب ڈیسک

لندن (92 نیوز) اومیکرون کے بڑھتے ہوئے کیسز اور اسپتالوں میں عملے کی کمی کے بعد لندن کے اسپتالوں میں فوجی اہلکار تعینات کردئیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق اومیکرون کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث لندن کے ہسپتالوں میں داخل مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے اور یہ اضافہ گزشتہ ایک مہینے میں ہوا ہے، دسمبر کے شروع میں 1100 مریضوں کے مقابلہ میں اس وقت کوویڈ کے 4 ہزار مریض ہیں۔

رائل کالج آف نرسنگ کی ڈائریکٹر پیٹریسیا مارکوئس نے کہا کہ افواج کے اہلکاروں کی تعیناتی سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت اس بات کو مان لیا ہے کہ ’’این ایچ ایس‘‘ میں عملے کا شدید بحران ہے۔

برطانیہ بھر میں اس وقت برطانوی افواج کے 1800 اہلکار وبائی مرض کیخلاف ’’این ایچ ایس‘‘ کے عملہ کی مدد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا لندن میں وینٹی لیٹر پر اس وقت 236 مریض ہیں، یہ تعداد دسمبر میں 190 تھی۔ ایک رپورٹ کے مطابق لندن میں ویکسی نیشن کی شرح دوسرے شہروں سے قدرے کم ہے۔

لندن میں 69 فیصد افراد نے پہلی خوراک، 63 فیصد دوسری اور 40 فیصد نے بوسٹر انجکشن لگوایا ہے جبکہ برطانیہ بھر میں 90 فیصد نے ویکسین کی پہلی خوراک، 83 فیصد نے دوسری اور 61 فیصد نے تیسری یعنی بوسٹر خوراک لی ہے۔

سیکرٹری صحت ساجد جاوید نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ ’’این ایچ ایس‘‘ پر دبائو کم کرنے میں مدد کیلئے اپنی ویکسین لگوائیں۔ انہوں نے فوج کی طرف سے مدد کا خیرمقدم کیا ہے۔ فوج نے ستمبر میں شمالی آئرلینڈ میں بھی اپنی خدمات ہسپتالوں کو فراہم کی تھیں۔ وزیر دفاع بین ویلس نے کہا ہے کہ مسلح افواج ’’این ایچ ایس‘‘ کے عملہ کے ساتھ قوم کو کوویڈ 19 سے بچانے کیلئے ہاتھ سے ہاتھ ملا کر کام کرے گی۔