Friday, April 19, 2024

اوآئی سی کانفرنس کا پہلا سیشن مکمل، اوآئی سی وزارتی کونسل کی سربراہی پاکستان کو مل گئی

اوآئی سی کانفرنس کا پہلا سیشن مکمل، اوآئی سی وزارتی کونسل کی سربراہی پاکستان کو مل گئی
March 22, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اوآئی سی کی وزارتی کونسل کے 48 ویں کانفرنس کا پہلا روز اختتام پذیرہوگیا۔ اوآئی سی کی وزارتی کونسل کی سربراہی پاکستان کو مل گئی۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مسلم اُمہ سے برادرانہ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔

اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کا 48 واں اجلاس کا افتتاحی سیشن اختتام پذیر ہوگیا، افتتاحی سیشن میں وزیراعظم عمران خان نے بھی شرکت کی۔ پارلیمنٹ ہائوس میں اجلاس کا آغاز قومی ترانے اور تلاوت کلام پاک سے ہوا۔

اجلاس کے آغاز میں نائیجیریا کے وزیرخارجہ حسومی مسعودو نے او آئی سی وزارتی کونسل کی چیئرمین شپ پاکستان کے سپرد کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بحیثیت سربراہ وزارتی کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی، اسلام کی حقیقی اساس بھائی چارے، اتحاد اور یکجہتی کا مظہر ہے۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے خطاب میں اسلاموفوبیا کے خلاف پاکستان کی کاوش کو سراہتے ہوئے اس حوالے سے مزید کام کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں استحکام کے لیے مذاکرات اور مفاہمت کو یقینی بنانا ہو گا۔

او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حصین براہیم طہ نے کہا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کا 15 مارچ کو یوم انسداد اسلامو فوبیا قرار دینا خوش آئند ہے۔ تمام رکن ممالک کے مابین سائنس، ٹیکنالوجی، آبی وسائل، انسداد غربت، تعلیم، صحت اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے تعاون بڑھانا ہو گا۔

او آئی سی رکن ممالک کے ایشیا گروپ کے سربراہ قازقستان کے نائب وزیراعظم نے کہا کہ قازقستان دہشت گردی کے خاتمے اور افغانستان کی امداد جاری رکھے گا۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ قراردادوں کے تحت حل کرنے پر بھی زوردیا۔

او آئی سی عرب ممالک کے گروپ کے سربراہ مراکش کے وزیر خارجہ عثمان الجورندی نے کہا کہ مراکش علاقائی تنازعات کا پرامن سیاسی حل کی حمایت کرتا ہے۔ مسئلہ فلسطین اور کشمیر کا اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت منصفانہ حل نکالا جائے۔

صدر اسلامی ترقیاتی بینک کا کہنا تھا کہ اشتراک سے ہی ترقی، یکجہتی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا۔ اسلامی ترقیاتی بینک سرسبز، ماحول دوست ترقی کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان ٹرسٹ فنڈ کا قیام افغان بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا کلیدی اظہار ہے۔

چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا کہ چین اقوام متحدہ میں اسلامی دنیا کی حمایت نہیں بھول سکتا۔ فلسطینی مسلمانوں کے لیے چین کی حمایت ہمیشہ غیرمتزلزل رہی۔ انھوں نے کہا کہ تہذیبو ں کے مابین مذاکرات اور تصادم سے بچنے کے لیے آگے بڑھنا ہو گا۔

اجلاس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئٹرس کا ویڈیو پیغام بھی سنایا گیا جس میں انہوں نے ترقی یافتہ ممالک کے ترقی پذیر دنیا کے ساتھ تعاون اور شراکت داری پر زور دیا۔