Wednesday, April 24, 2024

او آئی سی اجلاس روکنے کی دھمکی بلاول کا بچکانہ بیان ہے، شاہ محمود

او آئی سی اجلاس روکنے کی دھمکی بلاول کا بچکانہ بیان ہے، شاہ محمود
March 19, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی اجلاس نہ ہونے دینے کی دھمکی کے بلاول کے بیان کو ناسمجھدراری قرار دیدیا۔

ہفتہ کے روز اپنے ردعمل میں 92 نیوز سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ بلاول کا بیان غیر ذمہ درانہ ہے اور اس سے سیاسی ناتجربہ کاری عیاں ہوتی ہے۔ اوآئی سی اجلاس حکومت کا نہیں ریاست کا پروگرام ہے۔ اُمید ہے اپوزیشن رہنماء بھارتی ایجنڈے کا حصہ نہیں بنیں گے۔ 200 ووٹوں کی بات کرنے والے آج بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا او آئی سی کانفرنس سے متعلق دعوت نامے ارسال کیے گئے، آج آفیشلز آنے شروع ہو گئے، کل مصر کے وزیر خارجہ تشریف لا رہے ہیں، کل صبح میری ان کے ساتھ باقاعدہ میٹنگ ہے۔ پرسوں ایک انتہائی اہم ملک کے وزیر خارجہ آ رہے ہیں، کانفرنس کے تمام انتظامات مکمل ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم اپوزیشن کے اس حق کو تسلیم کرتے ہیں، جمہوری اور سیاسی انداز میں قانون کے دائرے میں رہ کر ہم اس کا مطالبہ کریں گے۔ کل جو ہوا آپ تو اس پر مسکرانا چاہیے، آپ کے تو نمبر پورے ہیں پھر آج بوکھلاہٹ کیوں ہے کیونکہ ان کی اپنی صفوں میں اتحاد نہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ن لیگ میں دو سوچیں ہیں، پیپلزپارٹی اور ن لیگ میں اختلافات ہیں، ن لیگ فوری انتخابات چاہتی ہے لیکن پیپلزپارٹی ایسا نہیں چاہتی۔ آپ او آئی سی کانفرنس کو متاثر کرنا چاہتے ہیں یہ پاکستان کے وقار کا مسئلہ ہے۔

شاہ محمود نے مزید کہا کہ میں نے کل اپنے کارکنوں کو کہا تھا سندھ ہاؤس نہ جائیں آج بھی کہوں گا نہ جائیں کیونکہ ہم جمہوری طریقے سے آپ کا مقابلہ کریں گے۔ آپ نے جو آج دھمکی دی ہے، آپ سے اپیل کروں گا کسی بیرونی ایجنڈے کا حصہ نہ بنیں۔

اسلامی کانفرنس روکنے کی دھمکی مسلم دشمنی ہے، اسد عمر

وفاقی وزیر اسد عمر کہتے ہیں اسلامی کانفرنس روکنے کی دھمکی مسلم دشمنی ہے۔ بلاول بھٹو کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ کانفرنس ضرور ہوگی، مسلم اُمہ کی یکجہتی کا اظہارِ بھی ہو گا اور دنیا بھی دیکھے گی۔