Saturday, April 20, 2024

انتظار قتل کیس، دو ملزموں دانیال اور بلال کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل

انتظار قتل کیس، دو ملزموں دانیال اور بلال کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل
October 14, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - سندھ ہائیکورٹ نے انتظار قتل کیس میں سزا کے خلاف پولیس اہلکاروں کی اپیلوں پر فیصلہ سنا دیا۔ دو ملزموں دانیال اور بلال کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل کر دی۔

انتظار قتل کیس میں سزا کے خلاف پولیس اہلکاروں کی اپیلوں پر سندھ ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔ عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کیس میں دہشتگردی کی دفعات ختم کر دیں۔ دو ملزمان دانیال اور بلال کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا۔

عدالت نے ملزمان طارق محمود، طارق رحیم ، اظہر حسین ، شاہد عثمان، غلام عباس اور فواد خان کی عمر قید کی سزا کالعدم قرار دے کر بری کر دیا۔ فیصلہ جسٹس کریم خان آغا اور جسٹس ذوالفقار علی سانگی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سنایا۔ عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا ۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے دو پولیس اہلکاروں بلال رشید اور محمد دانیال کو سزائے موت سنائی تھی اور باقی اہلکاروں کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ تیرا جنوری دو ہزار اٹھارہ کو ڈیفنس کے علاقے میں گاڑی نا روکنے پر پولیس اہلکاروں نے فائرنگ کرکے انیس سالہ نوجوان انتظار احمد کو قتل کر دیا تھا۔