Thursday, April 18, 2024

انٹربینک میں ڈالر 236 روپے95 پیسے پر پہنچ گیا

انٹربینک میں ڈالر 236 روپے95 پیسے پر پہنچ گیا
July 27, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - انٹربینک میں ڈالر 4 روپے 2 پیسے مہنگا ہو کر تاریخ کی بلند ترین سطح 236 روپے 95 پیسے پر پہنچ گیا۔

امریکی ڈالر نے تمام ریکارڈ توڑ دیئے، اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ ملک میں بڑھتے ہوئے سیاسی بحران کے باعث جہاں آئی ایم ایف پیکیج تاخیر کا شکار ہے وہاں دوست ممالک سے بھی وعدوں کے مطابق جلد رقوم کی منتقلی بھی کھٹائی میں پڑ سکتی ہے۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف 14 اگست کے بعد پیکیج سے رقم ریلیز کرنے کا سوچے گا۔ ایمرجنسی میں ڈالر کے حصول کے لیئے حکومت کے پاس کوئی آپشن نہیں رہا۔ وزارت خزانہ اور پاور ڈویژن میں صورتحال سے نمٹنے کیلئے بات چیت کے دو رائونڈ مکمل ہوچکے۔ نجی پاور کمپنیوں کو آئی ایم ایف شیڈول کے تحت ادائیگیوں کا بحران شدید ہونے پر گفتگو جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ادائیگیاں شیڈول کے مطابق نہ ہوئیں تو آئی ایم ایف ہاتھ کھینچ لے گا، ساتھ ہی ساتھ صارفین سے بجلی کے بلوں میں کمی آنے کا خدشہ ہے جبکہ بجلی کی ترسیل کم ہونے سے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 8 تا 14 گھنٹے تک جانے کا امکان ہے۔