Sunday, September 8, 2024

انٹربینک میں ڈالر گراوٹ کا شکار، پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 243 پوائنٹس کا اضافہ

انٹربینک میں ڈالر گراوٹ کا شکار، پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 243 پوائنٹس کا اضافہ
June 30, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - انٹربینک میں ڈالر 27 پیسے کم ہوکر 204 روپے 85 پیسے پر پہنچ گیا، دوسری جانب پاکستان اسٹاک مارکیٹ کے 100 انڈیکس 243 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

روپے کی قدر میں جان پڑگئی ہے، روپے کی بحالی اور ڈالر کی گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے۔ روز بروز ڈالر نچلی سطح کی جانب گامزن ہے۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار 211 روپے کی بلند ترین سطح سے گرتا ہوا ڈالر اب 204 روپے پر پہنچ چکا ہے۔

آج انٹربینک میں ڈالر 27 پیسے کمی کے بعد 204 روپے 85 پیسے پر بند ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ کی بات کریں تو یہاں ڈالر کی قیمت 205 روپے کی سطح پر مستحکم ہے۔

دوسری جانب اسٹاک مارکیٹ میں ملاجلا رجحان دیکھنے میں آرہا ہے۔ ملکی معیشت کی دگر گوں کیفیت کے پیش نظر سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں اور کھل کر سرمایہ کاری سے گریز کررہے ہیں۔

آج پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 243 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، 100 انڈیکس 41 ہزار 540 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس میں 0.59 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔