Friday, April 26, 2024

انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر سستا، پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بھی مثبت رجحان

انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر سستا، پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بھی مثبت رجحان
October 6, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مزید مستحکم ہوگئی، انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر سستا ہوا، پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بھی مثبت رجحان رہا۔

وزیرِخزانہ اسحاق ڈار کا ڈالر 200 روپے تک لے جانے کا دعویٰ سچ ثابت ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ ڈالر کی قدر میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ آج بھی انٹربینک میں ڈالردو روپے سستا ہوکر 221 روپے 94 پیسے پر پہنچ گیا۔ اوپن مارکیٹ میں بھی روپیہ ڈالر کو روندتا جارہا ہے۔ اوپن مارکیٹ میں آج ڈالر 3 روپے 50 پیسے کم ہوکر 223 روپے 50 پیسے کا ہوگیا۔

تیرہ روز کے دوران انٹربینک میں ڈالر 17 روپے 71 پیسے سستا ہوچکا ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 20 روپے 90 پیسے تک گھٹ گئی ہے۔

دوسری جانب پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان برقرار ہے۔ آج اسٹاک مارکیٹ میں 549پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔ 42 ہزار کی سطح بحال ہوگئی، 100 انڈیکس 42 ہزار 160 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔ مارکیٹ میں ایک اعشاریہ 32 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔