Sunday, April 28, 2024

انتونیو گوتریس اور ملالہ یوسفزئی کا افغانستان میں خواتین کیلئے اعلیٰ تعلیم پر پابندی ہٹانے کا مطالبہ

انتونیو گوتریس اور ملالہ یوسفزئی کا افغانستان میں خواتین کیلئے اعلیٰ تعلیم پر پابندی ہٹانے کا مطالبہ
December 22, 2022 ویب ڈیسک

نیویارک (92 نیوز) - یو این سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اور ملالہ یوسفزئی نے افغانستان میں خواتین کے لیے اعلیٰ تعلیم پر پابندی کی مذمت کی۔ یو این سیکرٹری جنرل اور ملالہ یوسف زئی نے پابندی ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔

سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ انہیں افغان طالبان کے خواتین پر اعلیٰ تعلیم پر پابندی عائد کرنے پر انتہائی دکھ پہنچا ہے۔ تعلیم سے انکار مساوی حقوق کی خلاف ورزی کرتا ہے اور ملک کے مستقبل پر تباہ کن اثرات مرتب کرے گا۔ میں طالبان پر زور دیتا ہوں کہ وہ سب کے لیے تعلیم تک مساوی رسائی کو یقینی بنائیں۔

نوبیل امن انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کا کہنا ہے کہ طالبان یونیورسٹی کے دروازے بند کرکے خواتین کو علم حاصل کرنے سے نہیں روک سکتے۔ طالبان چاہے افغانستان کے تمام کلاس روم اور یونیورسٹیاں ہی کیوں نہ بند کر دیں لیکن وہ خواتین کے ذہنوں کو کبھی بند نہیں کر سکتے۔