Saturday, July 27, 2024

پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے وفود کی انتخابات پر الیکشن کمیشن سے مشاورت

پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے وفود کی انتخابات پر الیکشن کمیشن سے مشاورت
August 24, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے وفود کی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن سے مشاورت ہوئی۔ اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے مشاورت پر اعلامیہ جاری کردیا۔

اعلامیہ کے مطابق تحریک انصاف نے انتخابات کا انعقاد 90 دن میں یقینی بنا نے پر زور دیتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ اس وقت نئی حلقہ بندیوں کی ضرورت نہیں۔

دوسری طرف جے یو آئی کا مؤقف تھا مردم شماری کے نتائج شائع ہونے کے بعد الیکشن سے پہلے نئی حلقہ بندیا ں ضروری ہیں۔

الیکشن کمیشن نے یقین دلایا انتخابات کی شفافیت یقینی بنائی جائے گی۔

اس سے قبل پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن میں کیس کی سماعت ہوئی، ممبر سندھ نثار علی درانی کی سربراہی میں تین رکنی الیکشن کمیشن نے سماعت کی، پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے بتایا کہ انٹرا پارٹی الیکشن دس جون 2022ء میں ہوئے، یکم اگست 2022ء کو پارٹی آئین میں ترمیم کی گئی۔ کمیشن کے استفسار پر وکیل نے بتایا کہ معزز بینچ نے غلط فہمی کی بنیاد پر زبانی کی گئی بات کو حکم نامے کا حصہ بنایا، ہم 2022ء والی ترمیم واپس لے رہے تھے، ہمارے وکیل سے غلطی ہوئی تھی، رکن کمیشن نے ریمارکس دئیے کہ اگر ترمیم کی ہے تو پھر ترمیم کے بعد الیکشن کروائیں ناں، آپ کو نوٹس یہ بھی کیا ہے کہ آپ نے پارٹی کا پورا آئین ہی تبدیل کر دیا ہے، وکیل علی ظفر نے مؤقف اپنایا کہ انور منصور سے غلطی ہوئی ہے وہ اس پر بیان حلفی دیں گے۔

 

ممبر کمیشن اکرام اللہ نے کہا کہ حکم نامہ ملنے کے باوجود کیوں خاموش رہے، جس پر وکیل نے بتایا کہ ہمیں معلوم نہیں تھا اس لیے ردعمل نہیں دیا، آج دو اگست والے نوٹس کا جواب دینے ہی آئے ہیں، ممبر کمیشن نے غلط فہمی والے معاملے پر جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نوٹس اس بات پر دیا کہ جو پارٹی آئین میں ترامیم ہوئیں وہ نہیں کرسکتے تھے۔ سپیشل سیکرٹری ظفر اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پارٹی آئین میں الیکشن کرانے کا طریقہ کار ہی تبدیل کردیا، اس کیس کا بغور جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ انتخابات میں بلا ہی پی ٹی آئی کا انتخابی نشان ہوگا۔

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت 30 اگست تک ملتوی کر دی۔