Friday, May 3, 2024

سپریم کورٹ، انتخابات ازخود نوٹس کا فیصلہ محفوظ، کل سُنایا جائے گا

سپریم کورٹ، انتخابات ازخود نوٹس کا فیصلہ محفوظ، کل سُنایا جائے گا
February 28, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سپریم کورٹ نے پنجاب اور کےپی انتخابات کی تاریخ سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت مکمل کرلی، عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا، کل 11 بجے سُنایا جائے گا۔

سپریم کورٹ نے پنجاب اور کےپی انتخابات کی تاریخ سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت مکمل کرلی، عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا، کل 11 بجے سُنایا جائے گا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہم سب وکلاء کا  شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے عدالت کی معاونت کی۔ مشاورت کے بعد کچھ دیر تک فیصلہ سنائیں گے۔

اس سے قبل دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے،3 ہفتے سے ہائیکورٹ میں صرف نوٹس ہی چل رہے ہیں۔ اعلیٰ عدلیہ کو سیاسی تنازعے میں نہیں پڑنا چاہیے، صرف مخصوص حالات میں عدالت ازخود نوٹس لیتی ہے۔ گزشتہ سال 2 اور اس سال صرف ایک ازخود نوٹس لیا۔ سب متفق ہیں کہ آرٹیکل 224 کے تحت 90 روز میں الیکشن لازم ہیں۔ عدالت تلاش میں ہے کہ الیکشن کی تاریخ کہاں سے آنی ہے، مستقبل میں الیکشن کی تاریخ کون دے گا اس کا تعین کرنا ہے، صرف قانون کی وضاحت کرنا چاہتے ہیں، عدالت کسی سے کچھ لے رہی ہے نا دے رہی ہے، جوڈیشل ایکٹوازم میں تحمل پر عدالت کا مشکور ہوں۔

فاروق ایچ نائیک نے دلائل مکمل کرلیے، ن لیگ کے مقصود اعوان نے بھی دلائل دیئے۔

جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس میں کہا  ن لیگ، پیپلزپارٹی اور جے یو آئی نے الیکشن کی تاریخ دینے سے انکار کردیا۔ اصل سوال الیکشن کی تاریخ دینے کا ہے کہ کون دیگا؟ 14 جنوری سے کسی کو فکر نہیں کہ تاریخ کون دےگا۔ پارلیمنٹ چاہتی تو کچھ کرسکتی تھی۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا موجودہ حالات میں 90 روز میں الیکشن ضروری ہیں، پشاور ہائی کورٹ نے 2 ہفتے نوٹس دینے میں لگائے۔ لاہور ہائی کورٹ میں بھی معاملہ التواء میں ہے۔ سپریم کورٹ میں آج مسلسل دوسرا دن ہے اور کیس تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔ عدالت کسی فریق کی نہیں بلکہ آئین کی حمایت کر رہی ہے۔