Thursday, April 25, 2024

انتخابات تاریخ ازخود نوٹس، نون لیگ، جے یو آئی اور پیپلز پارٹی کی بنچ کی تشکیل کیلئے نئی درخواست

انتخابات تاریخ ازخود نوٹس، نون لیگ، جے یو آئی اور پیپلز پارٹی کی بنچ کی تشکیل کیلئے نئی درخواست
February 25, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - انتخابات کی تاریخ سے متعلق ازخود نوٹس پر مسلم لیگ نون، پیپلزپارٹی اور جے یو آئی نے بینچ کی تشکیل کیلئے نئی درخواست دائر کردی۔

درخواست میں لکھا کہ جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس مظاہر نقوی کے علاوہ نیا بینچ تشکیل دیا جائے۔ دونوں ججز پہلے ہی پنجاب اور خیبرپختونخوا انتخابات پر اپنی رائے کا اظہار کرچکے ہیں، دونوں کو نکال کر سپریم کورٹ فل کورٹ بینچ تشکیل دے۔ 

دوسری جانب ازخود نوٹس کیس پر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن میں اختلافات سامنے آگئے ہیں۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عابد زبیری نے سیکریٹری بار مقتدر اختر شبیر کو وکیل نامزد کردیا تو سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو باڈی نے ایک قرارداد کے ذریعے کیس میں احسن بھون کو وکیل نامزد کر دیا۔ سپریم کورٹ بار کی ایگزیکٹو باڈی نے قرار داد کے ذریعے احسن بھون کو وکیل نامزد کیا، بار کی 17 رکنی ایگزیکٹو باڈی میں سے 9 ارکان نے احسن بھون کے حق میں قرار داد پاس کی۔

22 فروری کو سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد انتخابات کے لئے تاریخ کا اعلان نہ ہونے پر از خود نوٹس لیا تھا۔ جس کی اب تک دو سماعتیں ہوچکی ہیں۔

از خود نوٹس کی آئندہ سماعت پیر 27 فروری کو ہوگی۔ چیف جسٹس نے 9 رکنی لارجر بنچ میں شامل تمام ججز کے سوموار کو ساڑھے گیارہ بجے کے بعد تمام بنچز منسوخ کردئیے ہیں۔