گجرات (92 نیوز) – پاکستان تحریک انصاف نے اعظم سواتی، ارشدشریف اور سائفر کے معاملے پر سپریم کورٹ میں پٹیشن دائرکرنے کا اعلان کردیا۔
ہفتہ کے روز گجرات میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آرمی چیف کی تقرری میرٹ پر چاہتے ہیں، شہباز شریف سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔
اُنہوں نے کہا کہ مارچ کا مقصد صرف انتخابات ہیں، شہباز شریف سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔ لندن بیٹھ کر اتنے بڑے ایشوز پر کیسے بات ہو سکتی ہے۔ حملے کی ایف آئی آر ہماری مرضی کے مطابق درج نہ ہونے پر بھی پٹیشن فائل کریں گے۔
شاہ محمود نے کہا کہ سینٹراعظم سواتی کے معاملے پر پیر کو سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔ پارٹی کے سب ورکرز کو اپنا موقف سامنے لانے کی اجازت ہے تاہم جب ورکرز پارٹی پالیسی کے خلاف چلے گا تو اس کے خلاف پارٹی کارروائی کرنے کی مجاز ہے۔