Friday, May 3, 2024

انتخابات ہوتے نظر نہیں آرہے، ٹیکنوکریٹ حکومت کا شوشہ چھوڑا جا رہا ہے، عمران خان

انتخابات ہوتے نظر نہیں آرہے، ٹیکنوکریٹ حکومت کا شوشہ چھوڑا جا رہا ہے، عمران خان
December 28, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کہتے ہیں کہ انتخابات ہوتے نظر نہیں آرہے اور ٹیکنوکریٹ حکومت کا شوشہ چھوڑا جا رہا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ جنرل ریٹائرڈ قمر باجوہ نے بڑا ظلم کیا، ملک ڈیفالٹ کے قریب ہے، جنرل ریٹائرڈ باجوہ کے نزدیک سیاست دانوں کی کرپشن بے معنی تھی۔

تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ حکومت سے زیادہ پیچھے بیٹھے لوگوں کا الیکشن کیلئے راضی ہونا ضروری ہے، ان کا اس وقت اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں، عام انتخابات میں پولیٹیکل انجینئرنگ کی گئی تو نتائج اچھے نہیں ہوں گے۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ ایک شخص نے ملک کو ڈیفالٹ کے قریب لاکھڑا کیا ہے جس کے بعد اب ٹیکنوکریٹ حکومت کا شوشا چھوڑا جارہاہے،ان کا کہنا ہے کہ قوم پرمسلط چوروں کے بعد عوام ٹیکنو کریٹ حکومت کو قبول نہیں کریں گے۔

دوسری طرف تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کا کہنا ہے کہ شہبازحکومت نہیں چل رہی جس کے بعد غورہورہا ہے کہ امریکا سے ٹیکنو کریٹ درآمد کرکے انہیں حکومت سونپ دی جائے یہ قوم کے ساتھ مذاق ہوگا۔

سابق وفاقی وزیر حماد اظہرکا کہنا ہے کہ معیشت میں بہتری  کے کوئی آثار نہیں ہیں، غیر سنجیدہ طور پر معیشت  کا چلایا جانا افورڈ نہیں کرسکتے، انہوں نے کہا اسحاق ڈار جب بھی وزیرخزانہ بنے، معیشت پر بحران آیا۔

تحریک انصاف کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ملک کی سب سے  بڑی جماعت کو دیوار سے لگاکر سیاسی و معاشی استحکام حاصل نہیں کیاجاسکتا  اس ملک  کو بچانا ہے توعام انتخابات ہی اس کا حل ہیں۔