Monday, May 6, 2024

امریکہ میں ٹرمپ مخالف مظاہرے شدت اختیار کر گئے

امریکہ میں ٹرمپ مخالف مظاہرے شدت اختیار کر گئے
November 12, 2016
نیویارک (ویب ڈیسک) امریکہ میں ٹرمپ مخالف مظاہرے پرتشدد شکل اختیار کر گئے۔ پورٹ لینڈ میں ہزاروں افراد باہر آ گئے۔ عمارتوں کو نقصان پہنچایا، گاڑیاں توڑ دیں۔ پولیس بپھرے مظاہرین پر ٹوٹ پڑی۔ مرچیں بھی سپرے کیں۔ تفصیلات کے مطابق نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف امریکی ریاستوں میں شدید احتجاج اور مظاہرے جاری ہے۔ میامی اور ایٹلانٹا میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور مرکزی شاہراہیں بند کر دیں۔ امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی میں ہزاروں افراد نے ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر”ناٹ مائی پریذیڈنٹ“ اور ”ڈمپ ٹرمپ“ کے نعرے درج تھے۔ ادھر امریکی ریاست جارجیا کے شہر ایٹلانٹا میں بھی سیکڑوں افراد نے تارکین وطن اور خواتین سے متعلق ڈونلڈ ٹرمپ کے توہین آمیز بیانات کے خلاف احتجاجی مارچ کیا اور مرکزی شاہراہیں ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیں۔ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے دس شہروں میں لوگ ٹرمپ کے خلاف سڑکوں پر سراپا احتجاج بنے رہے اور ”نو ٹرمپ“ کے نعرے بلند کیے۔