Friday, September 30, 2022

ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا

ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا
لاہور / کراچی / پشاور (92نیوز) کراچی، لاہور اور پشاور سمیت ملک کے کئی شہروں میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا۔ لاکھوں بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ کوئٹہ میں آج شروع ہونے والی انسداد پولیومہم سکیورٹی وجوہات کی بنا پر موخر کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کیا۔ مہم کے دوران تراسی لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پولیو ٹیموں میں چھیالیس ہزار ورکرز کام کر رہے ہیں۔ پنجاب کے آٹھ اضلاع میں تین روزہ انسداد پولیو مہم جاری ہے جس کے دوران اکاون لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پنجاب کے اضلاع میں لاہور کے علاوہ راولپنڈی‘ ملتان‘ راجن پور‘ ڈی جی خان‘ رحیم یار خان اور شیخوپورہ شامل ہیں۔ خیبرپختونخوا کے تیرہ ہائی رسک اضلاع میں بھی انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہوچکی ہے۔ ہائی رسک اضلاع میں پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، سوات، کوہاٹ، کرک، بنوں ، لکی مروت، ٹانک اور ڈی آئی خان کے علاوہ ہنگو شامل ہیں۔ مہم کے دوران چھتیس لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ کوئٹہ میں آج شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم سکیورٹی وجوہات کی بنا پر موخر کر دی گئی ہے جو اٹھائیس اکتوبر سے دوبارہ شروع ہو گی۔ انسداد پولیو مہم کے دوران ملک بھر میں ٹیموں کی سکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جس کے لیے پولیس کی اضافی نفری کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔