Friday, April 26, 2024

ٹی راجہ سنگھ کا نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخانہ تبصرہ، دنیا بھر کے مسلمانوں میں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی

ٹی راجہ سنگھ کا نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخانہ تبصرہ، دنیا بھر کے مسلمانوں میں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی
August 24, 2022 ویب ڈیسک

نئی دہلی (92 نیوز) - انتہا پسند رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ کے نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخانہ تبصرے پر بھارت اور پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں میں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی۔

بھارت کی ریاستی انتہا پسندی کے ساتھ بی جے پی کے غنڈے بھی بے لگام ہو گئے۔ بی جے پی رہنما  ٹی راجا سنگھ کی جانب سے نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخانہ تبصرے پر مبنی وڈیو وائرل ہونے پر حیدر آباد سمیت مختلف علاقوں اور پولیس اسٹیشنز کے باہر احتجاج شروع ہو گیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ  ٹی راجا سنگھ نے نبی کریمﷺ کی شان میں گستاخی کرکے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ راجہ سنگھ کو فل فور گرفتار کیا جائے ۔ بھارتی پولیس نے ٹی راجہ سنگھ کو گرفتار  تو کیا مگر پھر  جلد ہی ضمانت پر رہا بھی کر دیا۔ دوسری جانب بی جے پی نے ٹی راجہ سنگھ کی  پارٹی رکنیت بھی معطل کر رکھی ہے۔

ہندو انتہا پسند کی رہائی پر ایک بار پھر بھارتی شہر حیدر آباد میں مسلمان مشتعل ہو گئے اور احتجاج شروع کر دیا۔ بھارتی پولیس نے ریاستی جبر کے ذریعے پر امن احتجاج کرنے والے سینکڑوں مسلمان مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔