Saturday, April 20, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ، پولیس کو عمران خان کی گرفتاری سے روک دیا، راہداری ضمانت منظور

اسلام آباد ہائیکورٹ، پولیس کو عمران خان کی گرفتاری سے روک دیا، راہداری ضمانت منظور
August 22, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) – اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسلام آباد پولیس کو عمران خان کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی 25 اگست تک راہداری ضمانت منظور کرلی، عدالت نے تین روز میں ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کا حکم دیدیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس بابر ستار نے عمران خان کی درخواست پر سماعت کی۔

عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ پولیس نے عمران خان کے گھر کا گھیراؤ کررکھا ہے، عمران خان ٹرائل کورٹ میں پیش ہونا چاہتے ہیں، حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔ عمران خان اگر عدالت آتے ہیں تو پولیس گرفتار کرلے گی۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج چھٹی پر ہیں، متعلقہ کورٹ کے جج کی چھٹی کے باعث ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے کہ ابھی تو پٹیشن انٹرٹین نہیں ہوئی، اس پر اعتراض ہے۔

عدالت نے عمران خان کی 25 اگست تک راہداری ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں انسداد دہشتگردی کی عدالت سے رجوع کرنے کا حکم دے دیا۔