Tuesday, April 23, 2024

انگلینڈ نے پاکستان کو پہلی بار ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کر دیا

انگلینڈ نے پاکستان کو پہلی بار ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کر دیا
December 20, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - انگلینڈ نے پاکستان کو پہلی بار ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز وائٹ واش کر دیا۔ پنڈی اور ملتان کے بعد کراچی ٹیسٹ بھی انگلینڈ نے جیت لیا۔

پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز نگلینڈ کے نام رہی، پاکستانی کرکٹ ٹیم کو تاریخی ہوم سیریز میں وائٹ واش شکست کا سامنا کرنا پڑا، مہمان ٹیم نے راولپنڈی، ملتان، کراچی کے تینوں میچ جیت لئے، تیسرا میچ چوتھے روز ہی ختم ہوگیا، انگلینڈ آٹھ وکٹوں سے فاتح رہا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں انگلش ٹیم نے ایک سو سڑسٹھ رنز کا ہدف دو وکٹوں پر مکمل کرلیا۔ بین ڈکٹ 82 اور کپتان بین اسٹوکس 35 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ زیک کرولی 41 اور ریحان احمد 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستانی اسپنرز ابرار احمد نے دونوں وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں صرف 216 رنز پر آؤٹ ہوئی، کپتان بابر اعظم چون اور سعود شکیل تریپن رنز بنا کر نمایاں رہے، انگلینڈ کی جانب سے ریحان احمد نے اننگز میں پانچ اور میچ میں سات وکٹیں حاصل کیں۔

تین میچوں پر مشتمل سیریز میں پاکستانی بلے بازوں کی کارکردگی مایوس کُن رہی، کپتان بابراعظم سمیت کوئی بھی بلے باز ٹیم کو سہارا نہ دے پایا۔ اظہر علی اپنے کیرئیر کا آخری ٹیسٹ یادگار نہ بنا سکے، پہلی اننگز میں 45 اور دوسری میں صفر پر آؤٹ ہوئے۔

پوری سیریز میں پاکستان کے باولرز بھی ناکام رہے، ابرار احمد کے علاوہ کوئی باؤلر بھی قابل قدر کارکردگی نہ دکھا سکا۔

سترسال میں پہلی بار پاکستان کو ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش شکست ہوئی۔