Saturday, September 21, 2024

انگلینڈ نے پاکستان کیخلاف ملتان ٹیسٹ اور سیریز بھی جیت لی

انگلینڈ نے پاکستان کیخلاف ملتان ٹیسٹ اور سیریز بھی جیت لی
December 12, 2022 ویب ڈیسک

ملتان (92 نیوز) – راولپنڈی کے بعد ملتان ٹیسٹ میں بھی انگلینڈ نے پاکستان کو 26 رنز سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی۔ انگلینڈ نے دوسرا ٹیسٹ میچ جیت کر تین میچوں کی سیریز میں دو صفر کی واضح برتری حاصل کرلی۔

ملتان ٹیسٹ میں چوتھے دن کے کھیل کا آغاز ہوا تو فہیم اشرف پہلے سیشن میں ہی 10 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ سعود شکیل اور محمد نواز نے جارحانہ انداز سے انگلش باؤلرز کا سامنا کیا اور اچھی پارٹنر شپ لگائی، لیکن پھر حسب معمول تو چل میں آیا کا کھیل شروع ہوا۔

سیٹ بلے باز سعود شکیل نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور 94 رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، حالانکہ کرکٹ حلقوں میں سعود شکیل کے کیچ آؤٹ دینے پر امپائرنگ کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، آل راؤنڈر محمد نواز 45 اسکور پر مارک ووڈ کا شکار بنے۔

امام الحق 60، عبداللہ شفیق 45 اور محمد رضوان نے 30 رنز بنائے، باؤلر آغا سلمان 20 اسکور کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، کپتان بابر اعظم نے دوسری اننگز میں صرف ایک اسکور کیا، انگلینڈ کی جانب سے مارک ووڈ نے دوسری اننگز میں 4 وکٹیں لیں۔ اولی روبنسن اور جیمز اینڈرسن نے دو دو جبکہ جیک لیچ اور جو روٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

سنچری بنانے والے انگلش بلے باز ہیری بروک پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

انگلینڈ نے دوسرا ٹیسٹ میچ جیت کر تین میچوں کی سیریز میں واضح برتری حاصل کرلی، سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 17 دسمبر سے کراچی میں کھیلا جائے گا۔