Friday, April 26, 2024

انگلینڈ کی ویمن فٹبال ٹیم نے یورو کپ کا ٹائٹل جیت لیا

انگلینڈ کی ویمن فٹبال ٹیم نے یورو کپ کا ٹائٹل جیت لیا
August 1, 2022 ویب ڈیسک

لندن (92 نیوز) - انگلینڈ کی ویمن فٹبال ٹیم نے یورو کپ کا ٹائٹل جیت لیا، انگلش ٹیم نے فائنل میں جرمنی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔

انگلینڈ کی ویمن فٹبال ٹیم نے پہلی بار یوروکپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے، پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کی گول پوسٹ پر خوب حملے کیے لیکن دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں۔

دوسرے ہاف میں کھیل میں تیزی دیکھی گئی، 62 ویں منٹ میں ایلا ٹون نے گول کرکے انگلینڈ کو برتری دلائی دی۔ 79 ویں منٹ میں جرمنی کی لینا میگل نے گول کر کے میچ برابر کر دیا، میچ کے مقررہ وقت کے اختتام تک دونوں ٹیمیں مزید کوئی گول اسکور نہ کر سکیں اور میچ ایک، ایک گول سے برابر رہا۔

اضافی منٹ میں انگلینڈ کی جانب سے متبادل کھلاڑی چلو کیلی نے کھیل کے اختتام سے دس منٹ قبل گول کر کے انگلینڈ کی ٹیم کو کامیابی دلائی۔

انگلینڈ کی ویمن ٹیم نے 56 سال بعد بڑا ایونٹ جیتا ہے، انگلینڈ کی ٹیم کی بڑی کامیابی پر ملکہ برطانیہ نے ٹیم کو مبارکباد بھی دی اور فینز نے بھی بھر پور جشن منایا۔ ویمبلے اسٹیڈیم میں ریکارڈ 87192 شائقین نے اسٹیڈیم میں میچ دیکھا۔