Sunday, September 8, 2024

انارکلی واقعہ کے بعد وفاقی وزارت داخلہ نے سکیورٹی الرٹ جاری کر دیا

انارکلی واقعہ کے بعد وفاقی وزارت داخلہ نے سکیورٹی الرٹ جاری کر دیا
January 22, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) انارکلی واقعہ کے بعد وفاقی وزارت داخلہ ان ایکشن ہو گئے اور سکیورٹی الرٹ جاری کر دیا۔

 سکیورٹی الرٹ میں چاروں صوبوں ،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز کو مراسلہ بھیجا گیا جس میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈی جی رینجر پنجاب، ڈی جی رینجرز سندھ اور تمام آئی جیز کو بھی مراسلہ بھیجوایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ چند دن قبل لاہور کے علاقے انارکلی میں بم دھماکہ ہوا تھا۔ دوپہر ایک بج کر چالیس منٹ پر ہونے والا دھماکا اس قدرشدید تھا کہ اس سے کئی قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے تھے ، کئی موٹرسائیکلیں جل کر خاکسترہوگئیں اور کئی دکانوں کو شدید نقصان پہنچا تھا۔ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے دوافراد کی شناخت بھی ہو گئی تھی جس میں اکتیس سالہ رمضان پٹھورے بنانے کا کام کرتا تھا اور جاں بحق ہونے والا نو سالہ ابصار کراچی سے لاہور آیا تھا جسے اس کے ماموں نے گود لے رکھا تھا۔

گزشتہ روز انارکلی دھماکے کے 2 مبینہ سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزموں کو راوی روڈ سے حراست میں لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق بارودی مواد بیگ میں لایا گیا اور دہشت گرد بیگ لیکر لوہاری چوک سے داخل ہوا۔ بارودی مواد بینک کے باہر موجود ٹھیلے کے ساتھ رکھا گیا، پھر دہشت گرد ملحقہ بینک کیساتھ گلی میں چلا گیا۔

دوسری جانب بم دھماکے کے بعد لوٹ مار کے واقعات بھی سامنے آئے تھے، پرائز بانڈ کاؤنٹر کے ساتھ ہونے والے دھماکے پر بھگدڑ مچی، انسانیت سے عاری افراد موقع کو غنیمت جان کر لوٹ مار میں لگ گئے۔ پیسے اور پرائز بانڈ لے گئے۔