Sunday, September 8, 2024

ان ہاؤس تبدیلی، پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی میں بیک ڈور رابطے تیز ہوگئے

ان ہاؤس تبدیلی، پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی میں بیک ڈور رابطے تیز ہوگئے
January 24, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) ان ہاؤس تبدیلی کیلئے پاکستان ڈیموکریکٹ موومنٹ (پی ڈی ایم) اور پیپلز پارٹی میں بیک ڈور رابطے تیز ہوگئے۔

حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد اہم مرحلے میں داخل ہوگئی، ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی اورپی ڈی ایم میں اہم بیک ڈوررابطے ہوئے ہیں، ان ہاؤس تبدیلی کی کامیابی کے بعد کے مراحل طے کرنے کے لیے جوڑ توڑ جاری ہے۔ وزیراعظم کون ہوگا؟، کتنے عرصہ میں اسمبلیاں توڑ کر عام انتخابات کا اعلان کرنے جیسے معاملات پر بات چیت جاری ہے۔

ابتدائی رابطوں میں پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی میں انتخابات کی مدت طے کرنے پر اختلافات سامنے آئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ ن نے 3 ماہ کے اندر انتخابات کے اعلان کی گارنٹی مانگ لی، پیپلز پارٹی 6 ماہ میں انتخابات کرانے پر رضامند ہے۔

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کا مؤقف ہے کہ انتخابی اصلاحات کیے بغیر عام انتخابات کا کوئی فائدہ نہیں۔ انتخابی اصلاحات کے لیے نئی حکومت کو وقت درکار ہوگا۔ پی ڈی ایم نے اپنا، پیپلز پارٹی نے اپنا فارمولا دے دیا ہے اور انتخابات کی تاریخ پرمزید بات چیت جاری ہے۔