Thursday, March 28, 2024

امیرالبحر کی نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کی صدارت

امیرالبحر کی نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کی صدارت
April 6, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس نیول ہیڈکوارٹرز، اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوئی۔ کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کی۔

کانفرنس کے دوران خطے کی جیو اسٹریٹیجک صورتحال، قومی سلامتی، پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں، جوانوں کی تربیت اور فلاحی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ امیر البحر کو پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے اہم ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

 امیر البحر نے پاک بحریہ کی جنگی تیاریوں اور میری ٹائم سیکٹر میں پاک بحریہ کی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ نیول چیف نے میری ٹائم سیکیورٹی کو مزید مستحکم کرنے اور پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کا مؤثر جواب دینے پر زور دیا۔ نیول چیف نے جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے ذریعے پاک بحریہ کی صلاحیتیں بہتر بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔ امیر البحر نے پاک بحریہ کی جنگی مشق سی سپارک کے کامیاب انعقاد پر فیلڈ کمانڈرز کو سراہا۔

کمانڈاینڈ اسٹاف کانفرنس پاک بحریہ کا اعلٰی فیصلہ ساز فورم ہے جس میں امیر البحر کی سربراہی میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز پاک بحریہ کی پالیسیوں اور منصوبہ بندی کا جائزہ لیتے ہیں۔