Thursday, March 28, 2024

امین الحق نے کراچی میں بدامنی، اسٹریٹ کرائمز کے خاتمہ کا فارمولا پیش کردیا

امین الحق نے کراچی میں بدامنی، اسٹریٹ کرائمز کے خاتمہ کا فارمولا پیش کردیا
February 21, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) ایم کیو ایم رہنماء اور وفاقی وزیر امین الحق نے کراچی میں بدامنی اور اسٹریٹ کرائمز کے خاتمہ کا فارمولا پیش کردیا۔

ایم کیو ایم رہنماء امین الحق کہتے ہیں مقامی پولیس افسران کی تعیناتی، تھانوں میں انٹیلی جنس نیٹ ورکنگ اور محلہ کمیٹیوں کی تشکیل ناگزیر ہے، تھانیداروں کی تقرری کم از کم 3 برس کیلئے ہو، اثاثوں کی مکمل تفصیلات بھی مرتب کی جائیں۔

اُنہوں نے کہا کہ غیر مقامی افسران کو نہ علاقے سے آگاہی ہوتی ہے اور نہ علاقے یا شہر کے مفادات سے کوئی سروکار، اتنی بڑی آبادی میں کیا کوئی اسی علاقے سے تعلق رکھنے والا پولیس افسر تعینات نہیں ہوسکتا؟۔ تھانے کی حدود میں وارداتوں کا گراف بڑھے اس افسر کو معطل نہیں نوکری سے برخاست کیا جائے۔

امین الحق بولے کہ انٹیلی جنس نیٹ ورک، اسپیشل برانچ پولیس کو فعال اور محلہ کمیٹیوں کی تشکیل سے مؤثر نیٹ ورک بن سکتا۔ سرکاری کیمروں کی درستگی، ہر گلی کے انٹری ایگزٹ پر رہائشی کی مدد سے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کی جائے۔ تھانوں میں نفری اور گاڑیوں کی تعداد مناسب ہو اور ان کا ریکارڈ سہ ماہی بنیادوں پر چیک بھی کیا جائے۔

ایم کیو ایم رہنماء کا مزید کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر اس جیسے اقدامات نہیں اٹھائے گئے تو ملک کو کما کردینے ولا یہ شہر مکمل مفلوج ہوجائے گا۔ شہر میں جرائم کی تشویشناک حد تک وارداتوں کے باوجود وزیراعلیٰ نے امن و امان سے متعلق کوئی اجلاس طلب نہیں کیا۔