Friday, March 29, 2024

امریکی اسٹاک ایکسچینجز میں مندی، برطانیہ میں مہنگائی یورپین حصص بازار کو لے ڈوبی

امریکی اسٹاک ایکسچینجز میں مندی، برطانیہ میں مہنگائی یورپین حصص بازار کو لے ڈوبی
May 19, 2022 ویب ڈیسک

نیویارک (92 نیوز) - امریکا میں بڑھتی مہنگائی نے سرمایہ کاروں کو پریشان کردیا، اسٹاک ایکسچینجز میں بھی مندی کا رجحان ہے۔ ڈاؤ انڈیکس دو سال کی کم ترین سطح پرگرگیا، جبکہ برطانیہ میں مہنگائی کی بلند ترین شرح یورپین حصص بازار کو لے ڈوبی۔

امریکا میں بڑھتی ہوئی مہنگائی سے سرمایہ کار پریشان ہوگئے، امریکی اسٹاک ایکسچینجز میں شیئرز کی فروخت بڑھ گئی۔

ڈاؤ انڈیکس ایک ہزار، 164 پوائنٹ کی کمی سے 2 سال کی کم ترین سطح پر آگیا، جبکہ نیسڈیک کمپوزٹ انڈیکس 566 پوائنٹ کی کمی پر بند ہوا۔

برطانیہ میں مہنگائی کی بلند ترین شرح یورپین اسٹاک مارکیٹ کولے ڈوبی، لندن ایف ٹی ایس ای انڈیکس میں1.7 فیصد، جرمن ڈیکس انڈیکس میں 1.26 فیصد جبکہ فرانس کے سی اے سی انڈیکس میں 1.20 فیصد کمی دیکھی گئی، یورو اسٹاکس انڈیکس 1.14 فیصد کمی پر بند ہوا۔

دوسری طرف ایشیائی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان رہا، ٹوکیو اسٹاک مارکیٹ انڈیکس میں 251 اور ہانگ کانگ اسٹاک مارکیٹ میں 41 پوا ئنٹ کا اضافہ ہوا، جبکہ آسٹریلین اسٹاک مارکیٹ انڈیکس 70 پوائنٹ کے اضافے پر بند ہوا۔

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں بھی اتار چڑھاؤ جاری ہے، برینٹ خام تیل کی فی بیرل قیمت 110 ڈالر، 32 سینٹ فی بیرل ہوگئی جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کے فی بیرل سودے 110ڈالر، 22 سینٹ میں طے ہوئے۔

عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 3ڈالر کی کمی کے بعد ایک ہزار، 815 ڈالر کا ہوگیا، چاندی کی قیمت 33 سینٹ کی کمی سے 21 ڈالر، 14 سینٹ فی اونس ہوگئی، تانبہ 86 سینٹ سستا ہونے کے بعد 4 ڈالر، 15 سینٹ فی گرام کی سطح پر آگیا، پلاٹینم کی فی اونس قیمت 21 ڈالر کی کمی سے922 ڈالر اور پلاڈئیم کے فی اونس نرخ 40 ڈالر کم ہوکر 1992 ڈالرپر آگئے۔