Saturday, April 20, 2024

امریکی صدر نے سیمی کنڈکٹر کی پیداوار اور ریسرچ کے تاریخی بل پر دستخط کر دئیے

امریکی صدر نے سیمی کنڈکٹر کی پیداوار اور ریسرچ کے تاریخی بل پر دستخط کر دئیے
August 10, 2022 ویب ڈیسک

واشنگٹن (92 نیوز) - امریکا نے سپر پاور اسٹیٹس برقرار رکھنے کے لئے بڑا اقدام اٹھا لیا۔ امریکی صدر نے سیمی کنڈکٹر کی پیداوار اور ریسرچ کے تاریخی بل پر دستخط کر دئیے۔

امریکا کی سیمی کنڈکٹر انڈسٹری کو چین سے سخت مسابقت کا سامنا ہے ۔ امریکا  چپ  کی ضروریات کو پورا کرنے  کے لئے  زیادہ  تر درآمدات  چین  سے  کرتا ہے لیکن امریکی اسپیکر نینسی پیلوسی  کے حالیہ دورہ تائیوان  کے بعد چین اور امریکا کے درمیان محاذ آرائی  بڑھ  گئی  ہے ۔ چین  نے سائنس و ٹیکنالوجی  سمیت مختلف شعبوں میں  امریکا  کے ساتھ تعاون کو محدود کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ  امریکا نے  چین کو چپ کی پیداوار میں استعمال ہونے والے سازوسامان کی ترسیل محدود کر دی ہے۔

امریکی صدر بائیڈن کا کہنا ہے کہ سائنس وٹیکنالوجی کے شعبہ میں مستقبل امریکا کا ہے۔ بل کی منظوری نئی چپ سرمایہ کاری کو فروغ دے دے گی جبکہ سیمی کنڈکٹر فرم مائیکرون کی طرف سے میموری چپ مینوفیکچرنگ میں 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا گیا ہے۔

اس قانون سازی کا مقصد ایک مسلسل کمی کو دور کرنا ہے جس نے کاروں، ہتھیاروں، واشنگ مشینوں اور ویڈیو گیمز سے لے کر ہر چیز کو متاثر کیا ہے۔ جنوب مشرقی مشی گن میں ہزاروں کاریں اور ٹرک چپس کے انتظار میں کھڑے ہیں جبکہ امریکا  کو جیولین میزائل جیسے اہم ہتھیاروں کے نظام کے لیے بھی  چپس کی اشد  ضرورت ہے۔

واشنگٹن میں چینی سفارت خانے کا کہنا    ہے  کہ بل  سرد جنگ کی ذہنیت  کی یاد دلاتا ہے۔بائیڈن نے  کہا کہ  تعجب کی بات نہیں ہے کہ چینی کمیونسٹ پارٹی نے اس بل کے خلاف امریکی کانگریس میں   لابنگ کی۔

واضح رہے اس بل  پر گانگریس  میں  برسوں  سے بحت جاری تھی ۔