Friday, April 26, 2024

امریکی سازش کے تحت چوروں کو مسلط کیا گیا، عمران خان

امریکی سازش کے تحت چوروں کو مسلط کیا گیا، عمران خان
May 18, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے امریکی سازش کے تحت چوروں کو مسلط کیا گیا۔

سابق وزیر اعظم عمران خان نے لاہور کا دورہ کیا۔ ایوان اقبال میں وکلا کنونشن سے خطاب کے لیے پہنچے تو بھرپور استقبال تو کیا گیا لیکن تقریب بدنظمی کا شکار ہو گئی۔ تحریک انصاف کے وکلا کی بڑی تعداد نے چیئرمین تحریک انصاف کو گھیر لیا، سلیفیاں لیتے رہے، دھکم پیل اور نعرے بازی کرتے رہے۔ متعدد مرتبہ عمران خان انہیں خاموش ہونے کا کہتے رہے لیکن بالآخر انہیں حالات میں انہیں خطاب کرنا پڑا۔

اپنے خطاب میں انہوں نے ایک مرتبہ پھر امریکی سازش کا ذکر کرتے ہوئے کہا چوروں کو لا کر مسلط کیا گیا۔ حقیقی آزادی کی تحریک میں وکلا بھی ساتھ دیں۔ انہوں نے وکلا کو اسلام آباد پہنچنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا پاکستان کی تاریخ میں وکلا نے اہم کردار ادا کیا۔

فواد چودھری نے کہا عمران خان ملک بچانے کیلئے نکلے ہیں۔ وکلا عمران خان کے ساتھ ہیں۔ کسان، مزدور، فوج اور ہر طبقہ کے افراد عمران خان کے ساتھ ہیں۔ عمران خان نے لوگوں میں حقیقی آزادی کا تصور بیدار کیا۔ عمران خان کے خلاف سازش بیرون ملک سے ہوئی۔

وکلا کنونشن میں شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر شہباز گل، دیگر قیادت اور وکلا ونگ کے قائدین نے بھی خطاب کیا۔