Saturday, July 27, 2024

امریکی ریاست ہوائی میں لگی آگ نے تباہی مچا دی، ہلاکتیں 90 سے زائد ہوگئیں

امریکی ریاست ہوائی میں لگی آگ نے تباہی مچا دی، ہلاکتیں 90 سے زائد ہوگئیں
August 13, 2023 ویب ڈیسک

ہوائی (92 نیوز) - امریکی ریاست ہوائی کے جزیرے ماوئی میں لگی آگ نے تباہی مچا دی۔ ہلاکتیں 90 سے زائد ہوگئیں۔ حکام کے مطابق یہ ریاستی تاریخ کی سب سے مہلک آفت ہے۔

امریکی ریاست ہوائی کے جنگلات میں خوفناک آتشزدگی سے لاہائنا کا تاریخی قصبہ جل کر راکھ ہو گیا۔ کاؤنٹی ماوؤی تقریبا مکمل طور پر جل کر تباہ ہو چکا۔۔۔ آگ سے اب تک ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے۔

گورنرہوائی جوش گرین کے مطابق آْگ سے اب تک 1700 سے زائدعمارتیں تباہ ہو چکیں جبکہ معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے۔ آگ کی وجہ سے بجلی اور موبائل فون سروس بند ہے۔ جلے ہوئے گھروں میں اب بھی لاشوں کی موجودگی کا امکان ہے، تقریباً ایک ہزار افراد کی تلاش جاری ہے اور ان کا ابھی تک کچھ اتا پتا نہیں ہے۔ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ طوفانی ہواؤں کی وجہ سے آگ بجھانے میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

امریکی صدر بائیڈن نے ہوائی کے جنگلات میں لگنے والی آگ کو بڑا سانحہ قرار دے دیا۔ سینیٹر برائن شیٹز کا کہناہے جلے ہوئے گھروں کے ملبے میں مزید لاشیں ہو سکتی ہیں۔ ابھی تک بڑے پیمانے پر آگ لگی ہوئی ہے اور فائر فائٹرز تاحال آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ حالیہ آگ جزیرہ ہوائی میں انیس سو ساٹھ کے سونامی کے بعد سب سے بڑی آفت قرار دی جارہی ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق جنگل سے شہر تک پھیلنے والی آگ پر تقریبا قابو پا لیا گیا ہے۔ تاہم انتظامیہ کی جانب سے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ دوسری طرف ای کامرس کمپنی ایمازون کے بانی جیف نے آتشزدگی کے بعد ریسکیو اور ریلیف آپریشن کے لیے 100 ملین ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔