Thursday, April 18, 2024

امریکا، برطانیہ، سعودی عرب، اسلامی تعاون تنظیم کی عمران خان پر قاتلانہ حملے کی مذمت

امریکا، برطانیہ، سعودی عرب، اسلامی تعاون تنظیم کی عمران خان پر قاتلانہ حملے کی مذمت
November 4, 2022 ویب ڈیسک

واشنگٹن/لندن/ ریاض (92 نیوز) – امریکا، برطانیہ، سعودی عرب، اسلامی تعاون تنظیم نے سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

امریکی وزیرخارجہ کے مطابق سیاست میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں، سیاسی جماعتیں گریزکریں، پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے عمران خان اور دیگر زخمیوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اورکہا ، سیاسی جماعتیں تشدد، ہراسانی اور دھمکیوں سے گریز کریں، سیاست میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں، پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

برطانوی سیکرٹری خارجہ و دولت مشترکہ اُمور جیمز کلیورلی نے مذمتی بیان میں کہا کہ پاکستان میں عمران خان پر حملہ حیرت انگیز ہے، حملے میں ایک فرد کی جان گئی، سیاست میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں۔

برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر نے بھی جیمز کلیورلی کا ٹویٹ ری ٹویٹ کیا۔ برطانوی لارڈ طارق احمد نے عمران خان پر قاتلانہ حملے کی مذمت کی۔

سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں،سعودی مملکت پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانے والی ہر سرگرمی کے خلاف پاکستان اور اس کے عوام کے ساتھ ہے۔

اسلامی تعاون تنظیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا، تشدد، انتہاء پسندی اور دہشت گردی کی کوئی بھی شکل ہو، قابل مذمت ہے، سابق وزیراعظم پاکستان پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہیں۔

کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو، برطانوی ایم پی نازشاہ، پاکستان میں جرمن سفیر سمیت عالمی رہنماؤں نے حملے کی مذمت اور عمران خان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ہے۔

ادھر سابق وزیراعظم پر قاتلانہ حملے کی خبر کو عالمی میڈیا نے بھرپور کوریج دی۔ برطانوی اور امریکی میڈیا نے خبر کو فرنٹ پیج پر شائع کیا، دنیا بھر کے میڈیا نے عمران خان پر قاتلانہ حملے کو اپنی ہیڈلائن بنایا اور یہ پوری دنیا کی بریکنگ نیوز بنی رہی۔