Sunday, May 19, 2024

امریکی محکمہ خارجہ کی پاکستان کو ایف 16 طیاروں کے آلات کی فروخت کی منظوری

امریکی محکمہ خارجہ کی پاکستان کو ایف 16 طیاروں کے آلات کی فروخت کی منظوری
September 8, 2022 ویب ڈیسک

واشنگٹن (92 نیوز) - امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کو ایف 16 طیاروں کے آلات کی فروخت کی منظوری دے دی۔

پینٹاگون کے مطابق پاکستان اور امریکا کے درمیان 45 کروڑ ڈالر کا معاہدہ ہوا تھا۔ سامان کا مرکزی ٹھیکہ ایرواسپیس کمپنی لاک ہیڈ مارٹن کارپوریشن کو دیا جائے گا۔ امریکی ڈیفنس سکیورٹی کوآپریشن ایجنسی کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ طیاروں کے مرمتی سامان فراہم کرنے کی درخواست حکومت پاکستان نے کی تھی۔ اس ممکنہ فروخت بارے کانگریس کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔

ڈی ایس سی اے کے اعلامیے کے مطابق ایف سولہ طیاروں میں کسی نئی صلاحیت اور اسلحے کا اضافہ شامل نہیں۔ ممکنہ فروخت پاکستان کے فضائی بیڑے کی دیکھ بھال جاری رکھنے میں مدد کرے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس فروخت سے پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف آپریشنز میں فضا سے زمین پر مار کرنے کی صلاحیت کو برقرار رکھنے میں معاونت ملے گی۔ البتہ خطے میں بنیادی عسکری توازن میں بھی کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔