Friday, April 19, 2024

امریکی کانگریس نے 135 سال پرانے الیکشن قوانین میں ترمیم کا فیصلہ کرلیا

امریکی کانگریس نے 135 سال پرانے الیکشن قوانین میں ترمیم کا فیصلہ کرلیا
September 20, 2022 ویب ڈیسک

واشنگٹن (92 نیوز) - امریکی کانگریس نے 135 سال پرانے الیکشن قوانین میں ترمیم کا فیصلہ کرلیا۔ مجوزہ ترامیم کے تحت نائب صدر سمیت کوئی بھی نو منتخب صدر کی کامیابی کی سرٹیفکیشن کو نہیں رو ک سکے گا۔

چھ جنوری 2021ء کو سابق امریکی صدر ٹرمپ کے حامیوں کی طرف سے کیپیٹل ہل پر حملے نے امریکی الیکشن قوانین میں ترمیم کا راستہ کھول دیا۔ امریکی ایوان نمائندگان کے اراکین ڈیموکریٹ زو لوفگرن اور ریپبلکن لز چینی نے 1887ء کے الیکٹورل کاؤنٹ ایکٹ میں مجوزہ تبدیلیوں کی ترامیم تیار کی ہیں۔

امریکی کانگریس کی ہاؤس رولز کمیٹی آج قانون سازی کا جائزہ لے گی، ممکنہ طور پر اسے کل مکمل ہاؤس کے ذریعے ووٹ کے لیے بھیج دیا جائے گا۔

ٹرمپ اور کانگریس میں ان کے اتحادیوں نے اس وقت کے نائب صدر مائیک پنس پر زور دیا تھا کہ وہ بائیڈن کی کامیابی کو روک دیں کیونکہ بائیڈن کی کامیابی دھوکہ دہی کا نتیجہ تھی لیکن پینس نے انکار کر دیا۔

ایوان کا بل اس بات کی توثیق کرتا ہے کہ نومنتخب صدر کی کانگریس کی تصدیق میں نائب صدر کا کردار رسمی ہے اور اس کے پاس سرٹیفیکیشن کو معطل یا منسوخ کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔

قانون سازی کانگریس کے اراکین کے لیے کسی بھی ریاست کے سرٹیفیکیشن پر اعتراضات اٹھانے کے معیار کو سخت کر دے گی۔ ہاؤس بل اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ریاستیں صدارتی انتخابات ریاستی قوانین کے تحت کرائیں۔