واشنگٹن (92 نیوز) - امریکی حکومت نے سابق صدر ٹرمپ کے خلاف کارروائی تیز کر دی۔ مقدمے کی پیروی کے لئے جنگی جرائم کا ماہر مقرر کیا گیا۔
اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ نے جیک اسمتھ کی تقرری کا اعلان کیا اور کہا کہ عوامی مفاد میں اسپیشل پراسیکیوٹر کا تقرر کیا ہے۔ اسپیشل پراسیکیوٹر جیک اسمتھ نے کہا کہ تحقیقات کو تیزی سے آگے بڑھاؤں گا اور آزادانہ فیصلے کروں گا۔
اِدھر ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسپیشل پراسیکیوٹر کی تقرری سیاسی اور غیر منصفانہ ہے۔ یہ کسی طور قابل قبول نہیں۔ 6 سال سے تحقیقات بھگت رہا ہوں مزید نہیں بھگت سکتا۔
دوسری جانب ترجمان وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ انصاف کے نظام کو سیاسی نہیں بنائے گی۔ اسپیشل پراسیکیوٹر کی تقرری کا صدر بائیڈن اور ہمیں علم نہیں تھا اور نہ ہی انہوں نے کوئی پیشگی نوٹس بھیجا تھا۔
واضح رہے کہ تین روز پہلے سابق صدر کی جانب سے 2024 میں صدارتی انتخاب لڑنے کا اعلان سامنے آ یا تھا۔ ٹرمپ سے ان کے گھر پر چھاپے میں سامنے آنے والی سرکاری دستاویزات پر تحقیقات جاری ہیں ۔ اس کے علاوہ ٹرمپ سے کیپیٹل ہل حملے میں ملوث ہونے کی تفتیش بھی کی جارہی ہے۔