Tuesday, April 16, 2024

امریکی اسٹاک مارکیٹ ایک ہزار پوائنٹ سے زائد گر گئی

امریکی اسٹاک مارکیٹ ایک ہزار پوائنٹ سے زائد گر گئی
September 14, 2022 ویب ڈیسک

نیو یارک (92 نیوز) - امریکا میں مہنگائی کے طوفان سے عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں بھونچال آ گیا۔ امریکی اسٹاک مارکیٹ ایک ہزار پوائنٹ سے زائد گر گئی۔

امریکا میں مہنگائی کا طوفان آ گیا۔ مہنگائی صفر اعشاریہ آٹھ فیصد کی بلند ترین شرح پر پہنچ  گئی۔ صرف ایک سال میں خوراک کی قیمتوں میں 11 فیصد سے زائد اضافہ ہو چکا جو 1979 کے بعد سب سے زیادہ قیمتیں ہیں۔

شرح سود میں متوقع اضافہ اور مہنگائی مزید بڑھنے کے خدشہ کے پیش نظر امریکی   اسٹاک مارکیٹ میں ایک ہزار سے زائد پوائنٹ کی تاریخی مندی  دیکھی گئی ۔ ڈاؤ  جونز  انڈسٹریل  انڈیکس انڈیکس ایک ہزار، 276 پوائنٹ گر گیا۔ ایس اینڈ پی 500انڈیکس  177 اور نیسڈیک کمپوزٹ انڈیکس 632 پوائنٹ کی کمی پر بند ہوا۔

مہنگائی کے باعث یورپی سرمایہ کار خوف کا شکار ہیں جس کے باعث یورپ کے حصص بازاروں میں بھی مندی کا رجحان رہا۔ جرمن  ڈیکس انڈیکس 213  پوائنٹ گر گیا۔ لندن اسٹاک مارکیٹ 87  اور پیرس کی اسٹاک مارکیٹ کے 12 پوائنٹ کی کمی پر بند ہوئی۔

ایشیائی  اسٹاک مارکیٹس میں  بھی حصص   دو فیصد تک  گر گئے۔ جاپان کے  نکئی  225  انڈیکس میں 290 پوائنٹ، جنوبی کوریا  کے کوپسی  انڈیکس میں  2.58  پوائنٹ اور آسٹریلین انڈیکس  میں 2.47 فیصد  کمی ہوئی ۔

ادھر عالمی مارکیٹ میں  خام تیل کی قیمتوں  میں اتار چڑھاؤ جاری ہے۔ برطانوی خام تیل تقریباً ایک ڈالر کی کمی سے 92 ڈالر، 75 سینٹ فی بیرل ہو گیا جبکہ امریکی خام تیل کے مستقبل کے سودے 86 ڈالر، 96 سینٹ میں طے ہوئے۔

عالمی مارکیٹ میں سونے، چاندی اور پلاٹینیم کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی۔ فی اونس سونا 6 ڈالر کی کمی سے ایک ہزار 711 ڈالر کا ہو گیا۔ چاندی کی قیمت میں 53سینٹ کمی ہوئی جس کے بعد فی اونس چاندی 19ڈالر، 32سینٹ کی ہو گئی جبکہ پلاٹینیم 28ڈالر سستا ہونے کے بعد 875ڈالر فی اونس ہو گیا۔

دوسری طرف پام آئل  کے  ریٹ  دوسرے  روز  بھی  تیز رہے۔ فی ٹن پام آئل ایک دن میں ساڑھے پنتالیس ڈالر مہنگا ہو کر 828ڈالر، 53سینٹ کا ہو گیا۔