Wednesday, April 24, 2024

امریکی اور یورپی میڈیا نے منگل یا بدھ کو یوکرائن پر روسی حملے کا خدشہ ظاہر کردیا

امریکی اور یورپی میڈیا نے منگل یا بدھ کو یوکرائن پر روسی حملے کا خدشہ ظاہر کردیا
February 12, 2022 ویب ڈیسک

واشنگٹن (92 نیوز) امریکی اور یورپی میڈیا نے منگل یا بدھ کو یوکرائن پر روسی حملے کا خدشہ ظاہر کردیا۔

امریکی سیکرٹری خارجہ نے دنیا کو خبردار کیا، امریکی نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر نے حملے کی تاریخ دے دی، کہتے ہیں کہ روس ونٹر اولمپکس ختم ہونے سے پہلے ہی 16 فروری کو یوکرائن کے خلاف طبل جنگ بجا دے گا۔

امریکی میڈیا نے تو یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے بھی اپنے اتحادیوں کو ممکنہ حملے کا وقت اور تاریخ بتا دی ہے۔

جرمن میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ روس منگل اور بدھ کی درمیانی شب یوکرائن پر حملہ کرسکتا ہے۔ روس کی بیلاروس کے ساتھ مشترکہ جنگی مشقوں میں شامل فوجی ہی یوکرائن پر حملہ کرسکتے ہیں۔

اس ہنگامی صورتحال میں پہلے امریکا، برطانیہ، جاپان، جنوبی کوریا بیلجئیم سمیت متعدد ممالک نے اپنے شہریوں کو فوری یوکرائن چھوڑنے کا حکم دیا اب خلیجی ممالک کویت اور یواےای نے بھی شہریوں کے فوری انخلا کا کہہ دیا ہے۔

ادھر روس نے بھی کیو سمیت دیگر قونصل خانوں سے اپنے سفارتی عملے کا انخلا شروع کردیا ہے۔ روسی اقدام کے ساتھ امریکا نے بھی سفارتی عملہ واپس بلا لیا ہے۔

تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظرآج امریکی صدر بائیڈن روسی ہم منصب ولادی میرپوٹن سے ٹیلیفونک رابطہ کریں گے جبکہ امریکی جنرل مارک ملی نے بھی اپنے روسی ہم منصب جنرل گیراسیموف کو ٹیلی فون کیا۔

ان حالات کے تناظر میں امریکا نے اگلے ہفتے مزید 3 ہزار فوجی پولینڈ بھیجنے کا اعلان کیا ہے، نیٹو کے سیکرٹری جنرل اسٹولٹن برگ نے بھی روسی حملے کے پیش نظر یورپ کو چوکنا رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

ادھر روسی صدارتی ترجمان نے ممکنہ حملے کی تردید کردی، بولے نیٹو یوکرائن بحران کے بہانے مشرقی یورپ میں افواج کی تعداد بڑھانا چاہتا ہے۔