Sunday, September 8, 2024

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات
October 15, 2023 ویب ڈیسک

ریاض (92 نیوز) - امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کی سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ 

امریکا نے اسرائیل و حماس جنگ کے دوران سفارتی محاذ پر کوششیں تیز کردیں، انٹونی بلنکن نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی جو ایک گھنٹہ جاری رہی۔ ترجمان میتھیو ملر کے مطابق انٹونی بلنکن نے حماس کے حملے روکنے اور یرغمالیوں کی رہائی یقینی بنانے اور جنگ کو روکنے پر امریکا کے غیر متزلزل عزم کو اجاگر کیا۔ ترجمان کے مطابق دونوں شخصیات نے شہریوں کے تحفظ اور مشرق وسطیٰ میں امن کو مستحکم کرنے کے لیے مشترکہ عزم کی توثیق کی۔

اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ نے عرب امارات کے صدر محمد بن زاید سے ملاقات کی تھی جس میں اسرائیل،حماس تنازع پر تبادلہ خیال ہوا، انٹونی بلینکن نے فلسطینی صدر محمود عباس سے بھی ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر محمود عباس نے غزہ کو امداد پہنچانے کے لئے انسانی بنیادوں پر راستے فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

چین کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ غزہ کے شہریوں کو نقصان پہنچانے والے تمام اقدامات کی مخالفت اور مذمت کرتے ہیں، چینی میڈیا کے مطابق سعودی ہم منصب سے فون پر رابطے میں چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے اسرائیل فلسطین تنازع میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حکومت کو غزہ کے لوگوں پر اپنی اجتماعی سزا بند کرنی چاہیے۔ غزہ میں اسرائیل کی کارروائیاں دفاع کے دائرہ کار سے باہر ہو چکی ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ نے روز اردن کا بھی دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے اردنی فرمانروا سے ملاقات کی اور اسرائیل و حماس تنازہ پر گفتگو کی، اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے جنگ کے جلد خاتمے پر کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔

امریکی وزیرخارجہ نے امیر قطر سے بھی ملاقات کی جس میں غزہ کے جاری تنازعہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر امریکی وزیرِ خارجہ نے اعتراف کیا کہ غزہ میں متعدد خاندان متاثر ہوئے ہیں اور اس میں ان کا کوئی قصور نہیں ہے۔ قطر نے کہا کہ قطر کا مقصد خطے میں کشیدگی کا خاتمہ ہے۔

اپنے دورے کے آغاز پر امریکی وزیر خارجہ اسرائیل پہنچے تھے جہاں انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقت کرکے امریکا کی اسرائیل اور امداد کی یقین دہانی کرادئی تھی، انٹونی بلینکن حماس کے اسرائیلی علاقوں پر حملے اور اس کے بعد اسرائیل کی جانب سے غزہ پر جارحیت کے حوالے سے خطے میں موجود امریکی اتحادی ممالک کے دورے پر ہیں۔