Thursday, March 28, 2024

امریکی مراسلے کے مندرجات کی تحقیقات، عمران خان کا صدر کو خط لکھنے کا فیصلہ

امریکی مراسلے کے مندرجات کی تحقیقات، عمران خان کا صدر کو خط لکھنے کا فیصلہ
April 29, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے امریکی مراسلے پرکمیشن بنانے کےلیے صدرمملکت اورچیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھنے کا فیصلہ کر لیا۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ دونوں اہم ریاستی شخصیات سے امریکہ سے پاکستانی سفیر کے مراسلے اور اسکے مندرجات کی روشنی میں اب تک کی کارروائی کے بارے میں پوچھا جائے گا۔ باضابطہ ملاقات میں ہمارے سفیر کو دی جانے والی دھمکی شرمناک اور سفارتی آداب کے یکسر منافی ہے۔ مہذب دنیا میں ایسے تکبرانہ طرزِ عمل اور سفارتی بداخلاقی کی کوئی گنجائش نہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام بیرونی سازش کی شکل میں پاکستان کے اندرونی سیاسی معاملات میں مداخلت پر بے حد رنجیدہ اور ناراض ہیں۔ عوامی ردعمِل کی شدت کے پیشِ نظر حقیقی آزادی مارچ کی تاریخ کا اعلان زیادہ دیر تک روکنا ممکن نہیں۔