Friday, April 19, 2024

امریکا نے ساڑھے چار ارب ڈالر کے بٹ کوائن چوروں سے واپس لے لئے

امریکا نے ساڑھے چار ارب ڈالر کے بٹ کوائن چوروں سے واپس لے لئے
February 10, 2022 ویب ڈیسک

نیو یارک (92 نیوز) بٹ کوائن کی سب سے بڑی چوری پکڑی گئی۔ امریکا نے ساڑھے چار ارب ڈالر کے بٹ کوائن چوروں سے واپس لے لئے۔

آخر کار نیویارک کے نواح میں رہنے والے میاں بیوی پکڑے گئے۔ سوشل میڈیا پر بہت زیادہ مقبول اس جوڑے کے بارے میں کوئی بھی نہیں جانتا تھا کہ یہ دنیا کے سب سے بڑے چور ہوں گے۔

2016میں  بٹ فینکس ایکسچینج سے  623 ملین ڈالر کے بٹ کوائن چوری ہو گئے جن کی تعداد ایک  لاکھ 19 ہزار کے لگ بھگ تھی۔ کئی سال تک اس چوری کے واقعہ کو دنیا میں زیادہ اہمیت نہیں دی گئی لیکن جوں جوں بٹ کوائن کی قیمت بڑھی یہ واقعہ دنیا کی سب سے بڑی چوری بن گیا۔

امریکا نے اس کےخلاف تحقیقات شروع کیں اور بالآخر 4 اعشاریہ 5 ارب ڈالر کے چور پکڑ لیے۔ امریکی حکام  اب تک 3.6 ارب ڈالر کے بٹ کوائن حاصل کر چکے ہیں جبکہ باقی کیلئے والٹس تک رسائی حاصل کی جا رہی ہے۔

چوری تو برآمد ہو گئی لیکن اب نیا تنازع کھڑا ہوگیا ہے کہ اس رقم کا کیا کیا جائے۔ کیا ان بٹ کوائنز کو  فینکس ایکسچینج کو  واپس کر دیا جائے یا پھر امریکی حکومت اس رقم کو اپنے پاس رکھے کیونکہ فینکس ایکسچینج بینک کرپٹ ہونے کے بعد بند ہو چکی ہے اور اب کا انتظام نئے مالکان کے پاس ہے۔