Saturday, May 18, 2024

یوکرائن تنازع، امریکا کی روس کو یورپ تک بچھائی جانے والی گیس پائپ لائن کا افتتاح روکنے کی دھمکی

یوکرائن تنازع، امریکا کی روس کو یورپ تک بچھائی جانے والی گیس پائپ لائن کا افتتاح روکنے کی دھمکی
January 28, 2022 ویب ڈیسک

ماسکو (92 نیوز) یوکرائن کے تنازع پر امریکا نے روس کو یورپ تک بچھائی جانے والی گیس پائپ لائن کا افتتاح روکنے کی دھمکی دے دی۔

یوکرائن تنازع پر امریکا اور روس کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔ امریکا نے روس کو ایک اور دھمکی دے دی۔

امریکا کا کہنا ہے کہ روس نے یوکرائن پر حملہ کیا تو وہ روسی گیس یورپ تک پہنچانے کا منصوبہ روک دے گا۔ نیٹو کا بھی کہنا ہے کہ حملے کی صورت میں روس پر بڑی پابندیاں لگ سکتی ہیں۔

دوسری طرف روس نے تنازع یوکرائن کے حل کیلئے لکھا امریکی خط غیرسودمند قرار دے دیا۔ کریملن کے ترجمان دیمتری پیکوف کا کہنا کے کہ امریکا اور نیٹو نے روس کے بنیادی مطالبات کو مسترد کیا ہے۔ صدر پیوٹن نے امریکی خط خود پڑھا ہے تاہم ہم عجلت میں کوئی نتیجہ نہیں نکالنا چاہتے۔ امریکی خط کے بعد روس جو بھی اقدام اٹھائے گا اس کا فیصلہ صدر پیوٹن کریں گے۔

روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف کا کہنا ہے کہ یواکرائن پر حملے کا خدشہ تاحال موجود ہے کیونکہ امریکا اور نیٹو روس کے بنیادی خدشات دور کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ نیٹو توسیع اور اسٹریٹجک ہتھیاروں کی تنصیب روس کیلئے خطرہ ہے۔

ادھر روسی صدر نے رجب طیب اردگان کی ترکی کے دورے کی دعوت قبول کرلی ہے۔ ترجمان کریملن کے مطابق جیسے ہی کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آئے گی روسی صدر ترکی کا دورہ کریں گے۔

ترک صدر نے روسی اور یوکرائن کے صدور کو ترک میں مذاکرات کی پیش کی تھی۔