Saturday, April 27, 2024

امریکا نے اپنے محفوظ ذخیرے سے تیل نکال کر مارکیٹ میں فروخت کرنا شروع کر دیا

امریکا نے اپنے محفوظ ذخیرے سے تیل نکال کر مارکیٹ میں فروخت کرنا شروع کر دیا
March 17, 2022 ویب ڈیسک

واشنگٹن (92 نیوز) - امریکا نے تیل کی عالمی قیمتیں کم کرانے کیلئے غیر معمولی اقدام اٹھا لیا۔ اپنے محفوظ ذخیرے سے تیل نکال کر مارکیٹ میں فروخت کرنا شروع کر دیا۔

ادھر امریکا کے مرکزی بینک نے 2018 کے بعد پہلی بار نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کر دیا۔ فیڈرل اوپن مارکیٹ کمیٹی نے شرح سود میں 0.25 فیصد اضافے کی منظوری دی۔ چیئرمین مرکزی بینک جیروم پاول کے مطابق رواں سال یوکرین جنگ کی وجہ سے معاشی نمو سست روی کا شکار رہے گی۔ مہنگائی کی شرح مقررہ ہدف 2 فیصد کے مقابلے میں 4.1 فیصد رہے گی۔

مانیٹری پالیسی کے اعلان کے بعد امریکی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی آ گئی۔ ڈاؤجونز انڈسٹریل انڈیکس 518 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ 34 ہزار پوائنٹس پر بند ہوا۔ نیسڈیک کمپوزٹ انڈیکس 13 ہزار چار سو پوائنٹس پر بند ہوا۔

عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 2 ڈالر کی کمی سے 1927 ڈالر ہو گئی۔ چاندی کی فی اونس قیمت 18 سینٹ کی کمی سے 25.14 ڈالر اور پلاڈئیم کی فی اونس قیمت 14 ڈالر کی کمی سے 23.98 ڈالرہو گئی۔

کرپٹو کرنسی بٹ کوائن اور ایتھیرئم کی قدر میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ بٹ کوائن کی قدر 3 فیصداضافے سے 41 ہزار ڈالر ،ایتھیرئم کی قدر 4 فیصد اضافے سے دو ہزار 700 ڈالر ہو گئی۔

امریکا کے 10 اور 30 سالہ  ٹریژری بانڈز پر منافع  میں  کمی، 10 سالہ بانڈز پر منافع کی شرح 2.17 فیصد اور 30 سالہ  ٹریژری  بانڈز  پر منافع کی شرح 2.4 فیصد   ریکارڈ کی  گئی ۔

عالمی مارکیٹ میں ملائیشین پام آئل کی قیمت گر  گئی ۔ ملائیشن پام آئل کی فی ٹن قیمت 90 ڈالر  کی کمی سے  1644 ڈالر ہو گئی ۔

عالمی مارکیٹ میں  مکئی ، گندم اور سویا بین  میل  کی قیمتوں  میں  کمی ہو گئی۔ مکئی کی فی بشل  قیمت  3 فیصد  کمی سے 7.31 ڈالر ہو  گئی ۔ گندم کی فی ٹن قیمت میں 30.27 یورو کی   کمی سے 360 یورو ہو گئی۔ سویا بین میل  کی فی ٹن قیمت   4.60 ڈالر کی کمی  سے 487 ڈالر ہوگئی ۔