Wednesday, April 24, 2024

امریکا میں سمندری طوفان ای این سے ہلاکتیں 109 ہوگئیں، نظامِ زندگی درہم برہم

امریکا میں سمندری طوفان ای این سے ہلاکتیں 109 ہوگئیں، نظامِ زندگی درہم برہم
October 6, 2022 ویب ڈیسک

فلوریڈا (92 نیوز) - امریکا میں سمندری طوفان ای این کے ہلاک ہو نے والے افراد کی تعداد 109 ہو گئی، طوفان کے باعث سب سے زیادہ متاثر ریاست فلوریڈا میں مختلف مقامات سے 55 لاشیں برآمد ہوئیں۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے فلوریڈا کا دورہ کیا اور متاثرین کی بحالی کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

امریکا میں طوفان ایان نے تباہی مچا دی، سینٹ جیمز جزیرہ تباہ ہوگیا۔ سیکڑوں گھر تباہ، کشتیاں الٹ گئی، ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ ہزاروں ڈالر لگا کر یہاں گھر بنایا، کاروبار شروع کیا تھا، مگر اب سب پانی میں بہہ گیا ہے۔

سمندری طوفان کے باعث بجلی اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ فلوریڈا میں اب بھی سات لاکھ سے زائد گھروں کی بجلی منقطع ہے۔ متعدد سڑکیں پانی میں بہہ گئیں اور ٹرین اور پروازوں کی آمد ورفت بھی متاثرہوئی۔ طوفان کے باعث ورجینیا میں بارشوں سے ساحلی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ طوفان سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنی اہلیہ کے ساتھ فلوریڈا کا دورہ کیا اور تباہ شدہ انفرا اسٹرکچر کی بحالی کے لئے ہرممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔