Sunday, September 8, 2024

امریکا میں کورونا کے پھیلاؤ کا نیا ریکارڈ، ایک روز میں 10 لاکھ کیسز رپورٹ

امریکا میں کورونا کے پھیلاؤ کا نیا ریکارڈ، ایک روز میں 10 لاکھ کیسز رپورٹ
January 4, 2022 ویب ڈیسک

نیو یارک (92 نیوز) امریکا میں کورونا کے پھیلاؤ کا نیا ریکارڈ بن گیا۔ ایک روز میں کسی بھی ملک میں سب سے زیادہ 10 لاکھ کیسز سامنےآ گئے۔ 24 گھنٹوں کے دوران عالمی وبا سے 16 سو 88 افراد ہلاک بھی ہوئے۔

سپر پاور امریکا  پر کورونا وائرس کا سپر حملہ ہو گیا۔ بائیڈن انتظامیہ بے بس ہو گئی۔ امریکا میں کورونا وائرس نے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دئیے۔ ایک دن میں 4 لاکھ 26 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے۔ امریکا میں گزشتہ روز کورونا کے ریکارڈ 10 لاکھ کیسز رپورٹ ہوئے۔

صدر بائیڈن کے مشیر برائے کورونا ڈاکٹر  فائوچی نے آنے والے ہفتوں میں بیماری  کے مزید پھیلنے کا الٹی میٹم دے دیا۔ اب تک کورونا وائرس سے امریکا میں 8 لاکھ 48 ہزار سے زائد افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔

 برطانیہ میں بھی کورونا وائرس نے تباہی مچا رکھی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1 لاکھ 57 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ برطانیہ میں اب تک 1 لاکھ 48 ہزار افراد اس موذی وائرس کی وجہ سے موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔

بھارت میں بھی کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ بھارت میں  ایک روز کے دوران  کورونا کے 37 ہزار 379 کیسز رپورٹ ہوئے۔

وبا کے پیش نظر بھارت میں پابندیاں نافذ کردی گئیں۔ ریاست تلنگانہ میں 8 جنوری سے 16 جنوری تک اسکول بند کر دیئے گئے۔ ممبئی میں بھی کورونا میں اضافے کے سبب اسکول بند کر دیئے گئے ہیں ۔بھارتی  پنجاب کے کچھ علاقوں میں رات کا کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔

لاطینی امریکا کے ملک برازیل میں بھی کورونا وائرس  ایک بار پھر پھیلنا شروع ہوگیا ہے۔ 24 گھنٹوں میں 12 ہزار افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔