Thursday, March 28, 2024

امریکا میں خشک سالی سے صورتحال انتہائی خراب ہو گئی

امریکا میں خشک سالی سے صورتحال انتہائی خراب ہو گئی
August 17, 2022 ویب ڈیسک

واشنگٹن (92 نیوز) - امریکا میں خشک سالی سے صورتحال انتہائی خراب ہو گئی۔ شدید خشک سالی کی شکار امریکی ریاستوں کو پانی کی مزید کمی کا سامنا ہو گیا۔

موسمیاتی تبدیلیوں نے امریکا کی سات مغربی ریاستوں میں زندگی کے پہیے کو جام کر دیا۔ زراعت اور پینے کی پانی کی شدید قلت ہو گئی۔ بیورو آف ریکلیمیشن کی کمشنر کیملی ٹاؤٹن کی رپورٹ  کے مطابق ایریزونا اور نیواڈا کو پانی  کی سپلائی  میں  15  فیصد  کٹوتی کر دی  گئی۔ معاہدے کے تحت میکسیکو  کو بھی پانی کی سپلائی  کم کر دی گئی۔ حکام  کے لئے  یہ فیصلہ  کرنا مشکل ہے کہ لوگوں   پانی  کو فراہم کریں  یا زراعت کو بچائیں ۔ سب  سے بڑی جھیل لیڈ میڈاور دوسرے  نمبر پر پاول جھیل میں پانی  کی سطح  انتہائی کم ہو  گئی  ہے جس سے ہائیڈرو پلانٹ سے بجلی کی پیدوار کو خطرہ لاحق  ہو گیا  ہے۔

دریائے کولوراڈو میں پانی  کم ہونے سے   40 ملین لوگوں کا روزگار خطرے  میں پڑ گیا ہے ۔ جھلسا دینے والے درجہ حرارت اور موسم بہار میں کم پگھلنے والی برف نے پہاڑوں سے بہنے والے پانی کی مقدار کو کم کر دیا ہے۔ جنوب میں  وادی میکسیکو کی  فارم انڈسٹری سمیت شمالی صحرائی شہر بھی پانی کی کمی  سے  متاثر ہونگے۔

ادھر امریکی صدر نے موسمیاتی  تبدیلیوں  اور مہنگائی میں کمی کے بل پر دستخط کر دیے۔ جو بائیڈن نے سات سو چالیس بلین ڈالر کے  صحت کی دیکھ بھال اور ٹیکس کے بل پر دستخط کیے ہیں ۔ وائٹ ہاؤس میں صدر بائیڈن نے کاربن کے اخراج کو کم کرنے کے لیے اپنی ریکارڈ سرمایہ کاری کے لیے افراط زر میں کمی کے قانون کا اعلان کیا۔ اس بل میں تقریباً 370 بلین ڈالر شامل ہیں جس کا مقصد فوسل فیول  سے دوری کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ امریکی صدر کا کہنا ہے کہ اس قانون سے  امریکی عوام جیت گئے اور خصوصی مفادات ہار گئے۔