Monday, May 6, 2024

امریکا میں برفانی طوفان جاری، حادثات میں اموات 37 ہوگئیں

امریکا میں برفانی طوفان جاری، حادثات میں اموات 37 ہوگئیں
December 26, 2022 ویب ڈیسک

نیویارک (92 نیوز) - امریکا میں برفانی طوفان جاری ہے، مختلف حادثات میں اموات کی تعداد 37ہوگئی۔ ہزاروں پروازیں منسوخ ہونے سے ہزاروں افراد کرسمس کے موقع پر مختلف شہروں میں پھنس کر رہ گئے۔

امریکا کو کئی دہائیوں بعد موسم سرما کے بدترین طوفان کا سامنا ہے جس سے ریاست ہائے متحدہ امریکا کے بڑے حصے میں نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ نیویارک برفباری سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔ نیو یارک کے علاقے بفلو میں مزید سات افراد ہلاک ہوگئے۔ گورنر نیو یارک کا کہنا ہے کہ یہ تاریخ میں بفلو کے سب سے تباہ کن طوفان کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

نارتھ کیرولائنا اور دیگر ریاستوں کے کچھ شہروں میں بجلی کی طلب بڑھنے پر بلیک آؤٹ ہو چکا ہے۔ امریکا بھر میں دو لاکھ سے زائد صارفین اب تک بجلی سے محروم ہیں جبکہ 10 ہزار سے زیادہ پروازیں منسوخ اور ہزاروں تاخیر کا شکار ہیں۔ اٹلانٹا، شکاگو اور نیویارک سمیت کئی شہروں میں ہزاروں مسافر ہوائی اڈوں پر پھنس گئے۔ مغربی امریکی ریاست مونٹانا سردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوئی جہاں درجہ حرارت منفی 45 ڈگری تک گر گیا۔

جاپان کے شمالی اور مغربی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 14 ہوگئی جبکہ 87 افراد زخمی ہیں۔ نیگاتا ریجن کے دیہی علاقوں میں 20 سینٹی میٹر سے ایک میٹر تک برف پڑ چکی ہے۔ خراب موسم کی وجہ سے علاقے میں بلیک آؤٹ ہے اورہزاروں صارفین بجلی سے محروم ہیں۔ حکام نے لوگوں کو احتیاط برتنے اور گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔

ادھر کینیڈا میں برفانی طوفان کی شدت میں کمی آنے لگی، محکمہ موسمیات نے سردبرفانی طوفان کی وارننگ ختم کردی،،تاہم ابھی 71 ہزار شہری بجلی سے محروم ہیں، جبکہ شہریوں کو سفر کرنے کے بجائے گھروں میں رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔