Friday, April 26, 2024

امریکا میں شرح سود میں اچانک غیرمعمولی اضافہ

امریکا میں شرح سود میں اچانک غیرمعمولی اضافہ
June 16, 2022 ویب ڈیسک

نیو یارک (92 نیوز) - امریکا میں شرح سود میں اچانک غیرمعمولی اضافہ ہو گیا۔ مہنگائی قابو کرنے کے نام پر شرح سود 0.75 فیصد بڑھا دی گئی۔

یوکرین جنگ نے امریکی معیشت کو ہلا کر رکھ  دیا ۔ جی ڈی پی 1.7 فیصد کی کم ترین سطح پر آ گئی۔ مہنگائی بھی قابو سے باہر ہو گئی۔ مرکزی بینک نے شرح سود میں اعشاریہ سات پانچ فیصد کا تاریخی اضافہ کر دیا جو 28 سال میں سب سے زیادہ ہے۔

مرکزی بینک کے چیئرمین جیروم پاول نے خبردار کیا ہے کہ رواں سال کے آخر تک شرح سود 3.4 فیصد  تک جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کو 8.6 فیصد سے  کم کرے 2 فیصد تک لایا جائے گا۔

امریکا میں شرح سود بڑھنے کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں نیچے آ گئیں۔ امریکی خام تیل کی فی بیرل قیمت میں 3.10 ڈالر کی کمی سے 115 ڈالر ہو گئی جبکہ برطانوی خام تیل 2 ڈالر، 39 سینٹ سستا ہونے کے بعد 118 ڈالر فی بیرل ہو گیا۔

شرح سود میں اضافہ کے بعد امریکی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی  دیکھی گئی۔ ڈاؤجونز  انڈیکس ایک، ایس اینڈ پی انڈیکس ڈیڑھ جبکہ نیسڈیک انڈیکس ڈھائی فیصد اضافہ پر بند ہوا۔

کرپٹو مارکیٹ پر نظر ڈالی جائے تو شرح سود میں اضافہ نے مارکیٹ پر فروخت کا دباؤ بڑھا دیا جس کے بعد بٹ کوائن 20 ڈالر  کی سطح پر آ گیا۔ نومبر 2021 سے اب تک بٹ کوائن کی قدر میں 70 فیصد کمی ہوئی  ہے۔ ماہرین کے مطابق کرپٹو کرنسی  بٹ کوائن کی قدر گر کر  10 ہزار ڈالر پر آ سکتی ہے۔

عالمی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمت میں اضافہ  دیکھا گیا۔ فی اونس سونا 28 ڈالر اضافہ سے ایک ہزار، 842 ڈالر کا ہو گیا۔ چاندی 85 سینٹ سستی ہو کر 21 ڈالر، 81 سینٹ فی اونس ہو گئی۔ تانبہ تین سینٹ اضافہ سے فی گرام 4 ڈالر، 18 سینٹ کا ہو گیا۔ پلا ٹینم کی  فی اونس   قیمت 28 ڈالر کے اضافے  سے 939 ڈالر  جبکہ پلاڈئیم کی  فی اونس   قیمت 71 ڈالر کے اضافے سے ایک ہزار، 852 ڈالر ہو گئی ۔

عالمی مارکیٹ میں گندم مزید اعشاریہ پچھتر یورو مہنگی ہو گئی جس کے بعد اس کی فی ٹن قیمت 394 ڈالر کے قریب پہنچ گئی جبکہ ملائیشین  پام  آئل 49 ڈالر سستا ہونے کے بعد ایک ہزار، 359 ڈالر فی ٹن ہو گیا۔