Friday, March 29, 2024

امریکا میں مہنگائی نے پارہ ہائی کر دیا

امریکا میں مہنگائی نے پارہ ہائی کر دیا
May 11, 2022 ویب ڈیسک

واشنگٹن (92 نیوز) - امریکا میں مہنگائی نے پارہ ہائی کر دیا۔ امریکی صدر نے بھی اظہار تشویش کیا۔

یوکرین جنگ امریکی معیشت کو لے کر بیٹھ گئی۔ روس پر پابندیوں کے بعد امریکا میں مہنگائی کا طوفان آ گیا۔ کھانے پینے سمیت ہر چیز 8 فیصد تک مہنگی ہو گئی۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے بھی مہنگائی کا اعتراف کرتے ہوئے اس پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ قوم سے خطاب میں صدر بائیڈن نے کہا کہ یوکرین جنگ سے اشیا کی سپلائی چین متاثر ہوئی ہے۔ مہنگائی میں کمی کیلئے چینی مصنوعات پر ٹرمپ دور میں لگایا گیا ٹیرف ختم کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

 ادھر چین میں کورونا کیسز بڑھنے کے بعد طلب کم ہو گئی جس کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں کمی آئی ہے۔ برینٹ خام تیل 4 ڈالر کمی سے 102 ڈالر کا ہو گیا جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 99 ڈالر، 43 سینٹ فی بیرل ہو گیا۔

عالمی مارکیٹ میں سونا بھی 17 ڈالر سستا ہونے کے بعد ایک ہزار، 841 ڈالر فی اونس ہو گیا۔ چاندی 40 سینٹ کی کمی کے بعد 21 ڈالر، 42 سینٹ فی اونس ہو گئی۔ پلاٹینئم کی قیمت میں بھی 34 سینٹ سستی ہو گئی جس کے بعد فی اونس پلاٹینئم 968 ڈالر کی ہو گئی جبکہ تانبے کی قیمت میں 3 ڈالر کمی دیکھی گئی جس کے بعد فی گرام تانبہ 4 ڈالر، 15 سینٹ کا ہو گیا۔

عالمی مارکیٹ میں ملائیشین پام آئل کی قیمت میں دوسرے روز بھی کمی دیکھی گئی۔ فی ٹن پام آئل ایک ہزار، 585 ڈالر کا ہو گیا۔ امریکی اسٹاک ایکسچینجز میں مندی کا رجحان برقرار ہے۔ ڈاؤ جونز انڈسٹریل انڈیکس 84 پوائنٹ کی کمی سے 32 ہزار 160 پوائنٹ پر بند ہوا۔

 دوسری طرف ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں میں دوسرے روز بھی مندی رہی ۔ ہینگ سینگ انڈیکس 2 فیصد کمی سے 19 ہزار 633 پوائنٹ پر بند ہوا۔ جاپان کا نیکئی  انڈیکس 0.58 فیصد  کمی  سے 26 ہزار 167 پوائنٹ  اور جنوبی  کوریا کا کوپسی  انڈیکس 0.50 فیصد  کمی سے 2 ہزار 596 پوائنٹ پر بند ہوا۔