Thursday, April 25, 2024

امریکا، کینیڈا اور جاپان میں برفانی طوفان سے نظام زندگی مفلوج، پروازیں منسوخ

امریکا، کینیڈا اور جاپان میں برفانی طوفان سے نظام زندگی مفلوج، پروازیں منسوخ
December 24, 2022 ویب ڈیسک

نارتھ کیرولینا/ ٹورنٹو (92 نیوز) - امریکا اور کینیڈا میں موسم سرما کے برفانی طوفان سے نظام زندگی مفلوج ہوگئی، ہزاروں پروازیں منسوخ جبکہ پندرہ لاکھ سے زائد لوگ بجلی سے محروم ہوگئے۔ جاپان میں بھی برفانی طوفان نے شدت اختیار کرلی، 9 افراد ہلاک ہوگئے، بیشتر علاقوں میں ایک میٹر تک برف کی تہہ جم گئی۔

موسم سرما کے برفانی طوفان نے امریکا اور کینیڈامیں تباہی مچا دی، کینیڈا کے صوبے اونٹاریو میں نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔ ٹورنٹو کی دو بڑی ہائی ویز ٹریفک کے لئے جزوی طور پر بند ہوگئیں۔ ایک سو سے زائد ٹریفک حادثات میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے جبکہ ٹورنٹو کے پیئرسن بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دو دن کے لئے تمام پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ ٹورنٹو اور اونٹاریو میں تما م اسکولز بند کردئیے گئے۔ کینیڈا کے صوبوں کیوبیک اور اونٹاریو میں بجلی کی بندش سے تین لاکھ 17 ہزا رافراد متاثر ہوئے ہیں۔

ادھر امریکا میں بھی برفانی طوفان کے باعث بڑے ہوائی اڈوں نے ہزاروں پروازیں منسوخ کر دیں۔ کینٹکی، جارجیا، نارتھ کیرولینا سمیت متعدد ریاستوں میں ایمر جنسی نافذ ہے۔ ٹیکساس سے مین ہٹن تک 14 لاکھ سے زیادہ لوگ بجلی سے محروم ہیں۔ امریکا کی 60 فیصد آبادی موسم سرما کی ایڈوائزری کے تحت ہے جبکہ شدید سردی اور حادثات میں چھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ امریکی صدر نے شہریوں کو مقامی حکام کی ویدر وارننگ پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

جاپان کے شہر ہوکائیڈو سے ساپورو تک تمام ٹرینیں بند ہوگئیں، سیکڑوں پروازیں منسوخ ہوگئیں۔ حکام نے ڈرائیوروں کو خبردار کیا ہے کہ وہ سڑکوں پر محتاط رہیں، برفانی طوفان کی شدت 26 دسمبر تک جاری رہے گی۔ برف باری نے ہوکائیڈو میں ہزاروں گھرانوں کی بجلی منقطع کر دی ہے۔ جاپانی میڈیا کے مطابق 17 دسمبر سے بحیرہ جاپان کے ساحل کے ساتھ جاری برفباری سے اب تک 9 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔ جاپان کے شہر ہوکائیڈو کے دیہی علاقوں میں 1 میٹر تک برف پڑی ہے۔