Thursday, May 2, 2024

امریکا کے ساتھ مل کر پوری سازش تیار ہوئی، وزیراعظم عمران خان

امریکا کے ساتھ مل کر پوری سازش تیار ہوئی، وزیراعظم عمران خان
April 2, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ اکتوبر سے گیم کھیلی جارہی تھی، امریکا کے ساتھ مل کر پوری سازش تیار ہوئی۔

ہفتہ کے روز پارلیمانی پارٹی کے اعزاز میں عشائیہ سے خطاب میں اُنہوں نے کہا کہ امریکا کو مجھ سے کیا گلا؟ میں تو اینٹی امریکا بھی نہیں ہوں، لکھ کر کبھی بھی دھمکی نہیں دی جاتی، کہتے عمران خان کو ہٹاؤ گے تو پاکستان کو معاف کردیں گے۔ ان کو پتہ ہے عمران خان کوہٹا کر چیری بلاسم آئے گا۔ جس نے اچکن سلوائی ہے اس کو پتہ نہیں کل اس کے ساتھ کیا ہونا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ان چوروں اور امریکا کی سازش کے خلاف قوم اکٹھی ہے۔ ایسا جوش وجذبہ پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ آپ ہار ہی نہیں سکتے۔ عوام سیاسی جماعت کےساتھ کھڑی ہوجائے تو وہ ہار نہیں سکتی۔ خیبرپختونخوا کا بلدیاتی الیکشن کا رزلٹ دیکھ لیں، اس سے کیا نظر آرہا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ہزارہ ن لیگ کا گڑھ تھا، ن لیگ اور پیپلزپارٹی خیبرپختونخوا سے صفایا ہوگیا۔ انہوں نے لالچ دیا کہ ن لیگ کے ٹکٹ پر جیت جائیں گے۔ چیلنج کرتا ہوں پنجاب میں کوئی بھی الیکشن ہو یہ جیت کر دکھا دیں۔ پنجاب کے لوگوں نے ذوالفقار علی بھٹو کو اٹھایا تھا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ دیکھیں گے پنجاب میں الیکشن میں کیسا رزلٹ آتا ہے، آپ دیکھیں گے کل پبلک کس طرح چوروں اور غداروں کے خلاف سارے پاکستان میں احتجاج کرے گی۔ جو میرے ساتھ کھڑے رہے ان کو کبھی نہیں بھولوں گا۔ جو غدار تھے اور ذاتی مفادات کے لیے آئے تھے اللہ کا شکر ہے کہ ہماری پارٹی سے نکل گئے۔ ایسی پارٹی بنائیں گے جو نظریاتی پارٹی ہوگی۔