Thursday, April 25, 2024

امریکا کا روس کی طرف سے یوکرائن پر حملے کے منصوبے کی تصدیق سے انکار

امریکا کا روس کی طرف سے یوکرائن پر حملے کے منصوبے کی تصدیق سے انکار
February 14, 2022 ویب ڈیسک

واشنگٹن (92 نیوز) امریکا نے روس کی طرف سے یوکرائن پر حملے کے منصوبے کی تصدیق سے انکار کردیا، تاہم صدر بائیڈن کا کہنا ہے کہ حملہ ہوا تو امریکا فیصلہ کن ردعمل دے گا۔

یوکرائن پر روسی حملے کے خطرے کے بادل برقرار ہیں، معاملہ سفارتی طریقے سے حل کرنے کے ساتھ ساتھ جنگی تیاریاں بھی جاری ہیں۔

لتھوانیا نے یوکرائن کو طیارہ شکن میزائل فراہم کردیئے، یوکرائن کے وزیر دفاع اولیکسی ریزنکوف کے مطابق لتھوانیا نے گولہ بارود کی بھی ایک بڑی کھیپ بھجوائی ہے۔

کینیڈا نے یوکرائن سے اپنے فوجیوں کو یورپ میں منتقل کرنے کا اعلان کیا ہے، کینیڈین وزارت دفاع کے مطابق فوجیوں کی عارضی منتقلی کا فیصلہ ان کی حفاظت کیلئے کیا گیا ہے، امریکا بھی یوکرائنی فوج کی تربیب پر مامور اپنے 160 فیصد واپس بلانے کا اعلان کرچکا ہے۔

امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کا کہنا ہے کہ وہ روس کے یوکرائن پر ممکنہ حملے کی خبروں سے متعلق منصوبے کی اطلاعات کی تصدیق نہیں کرسکتے، تاہم یقین ہے کہ بڑا فوجی آپریشن کسی بھی وقت ہوسکتا ہے۔

امریکی صدر نے کا یوکرائنی صدر سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور جنگ روکنے کیلئے ڈپلومیسی پر اتفاق کیا، صدر بائیڈن نے ولادو میر زیلنسکی کو ممکنہ روسی جارحیت پر امریکا اور اتحادیوں کے فیصلہ کُن ردعمل کا یقین دلایا۔

یورپی یونین نے یوکرائن میں موجود اپنے اداروں کے غیر ضروری عملے کو واپس بلا لیا ہے، اس تک 19 ممالک اپنے شہریوں کو یوکرائن سے واپسی کی ہدایت کرچکے ہیں۔