Saturday, April 20, 2024

امریکا کا آبنائے تائیوان میں فوجی موجودگی بڑھانے اور جنگی مشقوں کا اعلان

امریکا کا آبنائے تائیوان میں فوجی موجودگی بڑھانے اور جنگی مشقوں کا اعلان
August 14, 2022 ویب ڈیسک

واشنگٹن (92 نیوز) - امریکا نے آبنائے تائیوان میں فضائی اور سمندری نقل و حرکت بڑھانے کا اعلان کردیا۔ وائٹ ہاؤس کے صدارتی مشیر کرٹ کیمبل نے کہا ہے امریکا چند ہفتے میں جی سیون ممالک کے ساتھ تائیوان میں تاریخ کی سب سے بڑی میری ٹائم اور فضائی مشقیں شروع کرے گا۔ 

یوکرین کے بعد تائیوان کا محاذ بھی گرم ہوتا جا رہا ہے، امریکا نے آبنائے تائیوان میں فوجی موجودگی بڑھانے اور جنگی مشقیوں کا اعلان کر دیا، جو بائیڈن کے مشیر کرٹ کیمبل نے کہا ہے امریکا خطے میں ’ فریڈم آف نیویگیشن‘  آپریشن شروع کرے گا۔

تائیوان کی وزارت خارجہ نے واشنگٹن کی " مضبوط حمایت " کے لیے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے خطے میں امن کیلئے آبنائے تائیوان میں آزادانہ نقل و حمل ضروری ہے۔

ادھر چین نے تھائی لینڈ کے ساتھ مل کر مشترکہ فوجی مشقوں کا اعلان کیا ہے۔ یہ فوجی مشقیں آج سے شروع ہونگی۔ چین کے لڑاکا اور بمبار طیارے تھائی لینڈ پہنچ چکے ہیں۔

چین کے ایک تجزیہ کار اینڈریو لیونگ نے بتایا تائیوان پر امریکی اقدامات چین سرکاری پالیسی کے خلاف کام کر رہے ہیں۔ صدر شی جینگ یہ بات واضح کر چکے ہیں کہ 2049 متحد ہونے کی آخری تاریخ ہے جو جمہوریہ چین کے قیام کی 100 ویں سالگرہ ہے۔